دہلی

ایودھیا اراضی اسکام‘ سپریم کورٹ ازخود نوٹ لے: کانگریس

کانگریس نے منگل کے دن سپریم کورٹ سے گزار ش کی کہ وہ ایودھیا میں مبینہ اراضی اسکام کا ازخود نوٹ لے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اس مسئلہ پر اپنی خاموشی توڑیں۔

نئی دہلی: کانگریس نے منگل کے دن سپریم کورٹ سے گزار ش کی کہ وہ ایودھیا میں مبینہ اراضی اسکام کا ازخود نوٹ لے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اس مسئلہ پر اپنی خاموشی توڑیں۔

ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے 40 افراد بشمول شہرکے میئر‘ مقامی بی جے پی رکن اسمبلی اور سابق رکن اسمبلی پر الزام عائد کیا تھا کہ یہ لوگ ایودھیا میں غیرقانونی پلاٹنگ کا کاروبار کررہے ہیں۔

نیوز رپورٹ ٹیاگ کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ بھگوان رام کے نام پر بی جے پی کا اسکام۔وزیر داخلہ امیت شاہ خاموش کیوں؟۔

اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کانگریس ترجمان سپریہ سریناتے نے الزام عائد کیا کہ ایودھیا میں بہت بڑا پراپرٹی اسکام چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جون 2021 سے یہ بات کہتے آئے ہیں لیکن اب سب کچھ سامنے آگیا ہے کہ ایودھیا میں کیسا اراضی اسکام چل رہا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی قائدین کیوں سستے دام پر زمینیں خریدکر مندر ٹرسٹ کو اونچی قیمتوں پر فروخت کررہے ہیں۔ اراضی اسکام کی تحقیقات صرف ضلع مجسٹریٹ کی سطح پر ہورہی ہیں۔آیا ضلع کلکٹر‘ رکن اسمبلی‘ سابق رکن اسمبلی اور حکومت ِ یوپی کے وزرا کے خلاف تحقیقات کرسکتا ہے؟۔

انہوں نے اس مسئلہ پر وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ کانگریس ترجمان نے پوچھا کہ ایودھیا جیسے مقام پر آپ کی پارٹی کے لوگ اراضی اسکام میں ملوث ہیں تو پھر مودی جی‘ شاہ جی خاموش کیوں ہیں۔