مہاراشٹرا

بی جے پی ملک میں پارلیمانی جمہوریت پرحملہ کررہی ہے: شرد پوار

شردپوارنے یہاں این سی پی ورکرس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمراں بھارتیہ جنتاپارٹی ملک میں پارلیمانی جمہوریت پر حملہ کررہی ہے۔ کئی ریاستوں کوتحلیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کے صدرشردپوارنے آج مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ کئی ریاستوں میں حکومتوں کوتحلیل کردینے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگ بھی برسراقتدار جماعت کے ساتھ ایسا ہی کریں گے۔

شردپوارنے یہاں این سی پی ورکرس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمراں بھارتیہ جنتاپارٹی ملک میں پارلیمانی جمہوریت پر حملہ کررہی ہے۔ کئی ریاستوں کوتحلیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بہرحال عوام بھی برسراقتدارافراد کے ساتھ ایسا ہی کریں گے۔لوگ سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے مہاراشٹراکے حالیہ واقعات کاتذکرہ کرتے ہوئے جہاں شیوسینا قیادت کے خلاف ایکناتھ شنڈے گروپ کے ارکان اسمبلی کی بغاوت کی وجہ سے مہاوکاس اگھاڑی(ایم وی اے) حکومت گرگئی ہے، بی جے پی کانام لیا اورکہاکہ بی جے پی ملک میں پارلیمانی جمہوریت پرحملہ کررہی ہے۔

مدھیہ پردیش میں اوراب مہاراشٹراجوکچھ ہوا سب لوگ اس سے بخوبی واقف ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اقتدارچند ہاتھوں میں محدودہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نے اپنے دوراقتدارمیں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی)جیسی ایجنسیوں کا کبھی بیجااستعمال نہیں کیا‘لیکن اب سیاسی دھمکیاں دینے کیلئے اختیارات کابڑے پیمانہ پر بیجااستعمال کیاجارہاہے۔ یہ ہرایک کیلئے جدوجہد کا وقت ہے۔

ممتابنرجی نے بچوں میں گول گپے تقسیم کئے

کولکتہ۔12جولائی (آئی اے این ایس)چیف منسٹرمغربی بنگال ممتابنرجی نے شمالی بنگال کے دارجلنگ کے آج اپنے دورہ کے موقع پرسڑک کنارے ایک اسٹال پر ٹھہرکربچوں کو”گول گپے“(پانی پوری) پروس کرسب کو حیرت زدہ کردیا۔چیف منسٹرآج گورکھا لینڈٹیریٹوریل اڈمنسٹریشن(جی ٹی اے) کے نئے بورڈکی حلف برداری تقریب سے واپس ہورہی تھیں۔ راستہ میں اچانک ایک سڑک کنارے واقع اسناکس کی دکان پر رک گئیں جو خواتین پرمشتمل سیلف ہیلپ گروپ کی جانب سے چلائی جاتی ہے۔ اس دکان کی خصوصیت گول گپا ہے۔ممتابنرجی نے سیکیوریٹی پروٹوکول کی پرواہ کئے بغیر گول گپے بنانا شروع کردیئے اوردکانداروں کوحیرت زدہ کردیا۔ چندہی منٹوں میں ان کے اطراف ہجوم جمع ہوگیاجس میں کئی مقامی بچے بھی شامل تھے۔ بعدازاں ممتابنرجی نے بچوں میں گول گپے تقسیم کئے۔ انہوں نے آلوؤں سے گول گپے کا مصالحہ بنانے پر مختصر لکچر بھی دیا۔ روانگی سے قبل انہوں نے دکانداروں کوقیمت اداکردی۔

قومی نشان کوخونخوارشکل دینے پراپوزیشن کی تنقید

نئی دہلی۔12جولائی (پی ٹی آئی)پارلیمنٹ کی عمارت پر قومی نشان کے مسئلہ پر آج ایک نیاتنازعہ پیداہوگیا۔ اپوزیشن نے حکومت پر مجسمہ کوخونخوار انداز میں پیش کرنے اورقومی نشان کی توہین کرنے کاالزام عائدکیا جبکہ بی جے پی نے اسے وزیراعظم کونشانہ بنانے کی ایک اورسازش قراردیتے ہوئے مستردکردیا۔مودی نے پیرکے روز پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے اوپر قومی نشان کی نقاب کشائی کی۔اس موقع پرلوک سبھا اسپیکراوم برلااورراجیہ سبھاکے نائب صدرنشین ہری ونش موجود تھے۔ اپوزیشن نے مودی پر تنقیدکی تھی اورالزام عائد کیاتھاکہ انہوں نے اس تقریب میں ہندو رسوم ورواج اداکرتے ہوئے اور اپوزیشن قائدین کومدعونہ کرتے ہوئے دستوری اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہاکہ سارناتھ میں اشوکاستون پرببرشیر کاکردار اور نوعیت مکمل طورپر تبدیل کردینا ہندوستان کے قومی نشان کی شرمناک توہین ہے۔

تبدیلی مذہب کوروکنا ضروری:موہن بھاگوت

چتر درگ(کرناٹک)۔12جولائی (پی ٹی آئی) راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے آج مذہبی تبدیلی کو روکنے پرزوردیا اور کہاکہ اس کی وجہ سے لوگ اپنی جڑوں سے علحدہ ہوجاتے ہیں۔ بھاگوت چتردرگ میں دلت اورپسماندہ طبقات کے سادھوؤں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ تبدیلی مذہب سے علحدگی پیداہوتی ہے۔ تبدیلی مذہب کسی بھی شخص کواپنی جڑوں سے علحدہ کردیتی ہے اسی لئے ہمیں مذہب کی تبدیلی کوروکناہوگا۔ اگرہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان، ہندوستان ہی بنارہے تو ہمیں اپنی ثقافت کومحفوظ رکھناہوگا ورنہ ہندوستان، ہندوستان نہیں رہے گا۔ اس بات کویقینی بنانے ہرجگہ ”دھرما“ کو پھیلانا ہوگا۔