تلنگانہ

جونیرس کی ریاگنگ، زرعی یونیورسٹی کے 20طلبہ معطل

پرفیسر جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچر یونیورسٹی راجندر نگر کے 20 طلبہ کو کیمپس میں جونیر طلبہ کی ریاگنگ کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے۔

حیدرآباد: پرفیسر جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچر یونیورسٹی راجندر نگر کے 20 طلبہ کو کیمپس میں جونیر طلبہ کی ریاگنگ کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے۔

معطل طلبہ کا تعلق بی ایس سی (آنرس) اگریکلچر کے دوسرے اور تیسرے سال سے ہے۔13طلبہ کو ڈگری کورس کے اختتام تک ہاسٹل سے بھی معطل کردیا گیا ہے۔ مزید 7طلبہ کو 23-2022 کے پہلے سمسٹر کیلئے کالج سے اور ڈگری ختم ہونے تک ہاسٹل سے معطل کیا گیا ہے۔

یہ قدم قواعد کے مطابق اٹھایا گیا ہے۔یونیورسٹی کے مطابق سینئر طلبہ سال اول کے طلبہ کی ریاگنگ کررہے تھے اور جونیرس سے اپنے ریکارڈ تحریر کروا رہے تھے۔

سال اول کے ایک طالبعلم کی شکایت پر زرعی کالج کی انسداد ریاگنگ کمیٹی نے سال اول، دوم اور سوم کے بی ایس سی آنرس اگریکلچر بوائز ہاسٹل کے طلبہ کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگس کیں۔

کمیٹی نے سال اول کے تمام طلبہ سے علیحدہ، علیحدہ طور پر ریاگنگ کے واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ سال دوم اور سال سوم کے طلبہ نے جونیرس کو ریاگنگ کرنے کی تردید کی۔

سال اول کے طلبہ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات،متاثرہ کی جانب سے کیس کی صراحت اور انسداد ریاگنگ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر طلبہ کو معطل کردیا گیا۔