حیدرآباد

حیدرآباد میں چین چھیننے کی وارداتوں میں یو پی کے 2مجرم ملوث

حیدرآباد اور راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں چین چھیننے کی سلسلہ وار وارداتوں میں ملوث دو مجرموں کو پکڑنے کیلئے پولیس کی 20 ٹیمیں سرگرم ہیں۔

حیدرآباد: حیدرآباد اور راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں چین چھیننے کی سلسلہ وار وارداتوں میں ملوث دو مجرموں کو پکڑنے کیلئے پولیس کی 20 ٹیمیں سرگرم ہیں۔

شبہ کیا جارہا ہے کہ ان وارداتوں میں یو پی کے دو ملزمین ملوث ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی اساس پر پولیس نے یو پی کے ضلع شاملی کے دونوں ملزمین پنکو اور اشوک کے طور پر شناخت کی ہے۔ ان دونوں رہزنوں نے شہر حیدرآباد میں 3گھنٹوں کے دوران چین چھیننے کی 7 وارداتیں انجام دیں۔

بنگلورو شہر میں جمعہ کے روز چین اسنیچنگ کی سلسلہ وار وارداتوں میں بھی ان دونوں کے ملوث ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ حیدرآباد آنے کے بعد ان دونوں نے مبینہ طور پر ایک بائک کا سرقہ کیا اور اس بائک کے ذریعہ 7مقامات پر خواتین کو نشانہ بنایا۔

چین چھیننے کے واقعات کے بعد ان دونوں نے سکندرآباد کے پیراڈائز مقام پر مسروقہ بائک کو چھوڑدیا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ دونوں بذریعہ ٹرین ورنگل فرار ہوگئے وہاں سے وہ، دہلی یا شمالی ہند کے دیگر مقامات جانے والی ٹرین میں سوار ہوگئے ہوں گے۔ پولیس، ریلوے اسٹیشنوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی چھان بین کررہی ہے۔

ان دونوں مجرموں کو پکڑنے میں پیش رفت کیلئے دیگر ذرائع(لیڈز) پر کام کررہی ہے۔ بنگلورو شہر میں جمعہ کی صبح میں دو گھنٹوں کے دورانیہ کے دوران اس دو رکنی ٹولی نے 10سے زائد چین چھیننے کی وارداتیں انجام دی تھیں۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ دونوں ٹرین کے ذریعہ حیدرآباد پہنچے اور شہر کے نامپلی علاقہ میں ہفتہ کی صبح انہوں نے ایک موٹربائک کے سرقہ کا ارتکاب کیا۔

ماسک پہننے یہ دونوں مجرم، اس مسروقہ بائک کے ذریعہ شہر کے اُپل مقام پہنچے جہاں ان دونوں نے راجو نگر علاقہ میں صبح6:20 بجے چین چھیننے کی پہلی واردات انجام دی۔ اس کے بعد دو رکنی ٹولی نے 10کیلو میٹر کے دائرہ میں سات مقامات پر خواتین کے گلے سے طلائی چین اڑالئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان مجرموں نے جملہ 21 تولے وزنی سونے کے چین چھننے ہیں۔

ان افراد نے سکندرآباد میں پیراڈائز کے مقام پر 9بجے صبح مسروقہ بائک چھوڑ دی اور یہاں سے وہ ٹرین میں سوار ہونے آٹورکشہ کے ذریعہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچے۔ سلسلہ وار وارداتوں سے عوام میں خوف وہراس پھیل گیا۔

چین چھیننے کی ان وارداتوں کے بعد حیدرآباد اور راچہ کنڈہ کمشنریٹ میں پولیس کو الرٹ کردیا گیااوردونوں مجرموں کو پکڑنے کیلئے ٹاسک فورس، سی سی ایس، ایس او ٹی اور دیگر شعبہ جات پر مشتمل پولیس کی20 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پنکو اور اشوک عادی مجرم ہیں۔

یہ دو مجرمین، شہر حیدرآباد میں بمشکل 4سے5گھنٹے مقیم تھے۔ مسروقہ بائک کے ذریعہ چین چھیننے کی سلسلہ وار وارداتوں کو انجام دینے کے فوری بعد فرار ہوگئے۔ پیدل چلنے والی تنہا خواتین ان کا اصل نشانہ تھیں۔