سوشیل میڈیاشمالی بھارت

سارس، عارف کو لوٹادیا جائے: ورون گاندھی (ویڈیو)

لکھنو: بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے کانپور زو سے سارس کی رہائی اور اسے محمد عارف کے حوالہ کردینے کا مطالبہ کیا ہے جس نے اس پرندہ کو بچایا تھا اور زائداز ایک سال اس کی دیکھ بھال کی تھی۔

محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے سارس کو محمد عارف سے جدا کرکے کانپور زو پہنچادیا۔ کانپور زو میں سارس نے کھانا پینا چھوڑدیا تھا۔ وہ اُداس رہنے لگا تھا۔ منگل کے دن عارف کے کانپور جاکر اپنے دوست سے ملنے کی ویڈیو وائرل ہوئی۔

عارف کو دیکھتے ہی پرندہ خوشی سے اُچھل پڑا۔ اس نے پر پھیلائے اور پنجرہ سے باہر نکلنے کا راستہ ڈھونڈنے کی کوشش کی۔ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ورون گاندھی نے کہا کہ اس پرندہ کو عارف کو لوٹادینا چاہئے۔ ان کا پیار سچا ہے۔

یہ خوبصورت پرندہ آزادی سے اڑنے کے لئے ہے‘ پنجرہ میں بند رہنے کے لئے نہیں۔ پرندہ کو پھر سے اس کا آسمان‘ آزادی اور دوست دے دیا جائے۔

قبل ازیں سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے بھی عارف سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ محکمہ جنگلات کی کارروائی سے ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی کو دوسروں کو دکھ دے کر خوشی ہوتی ہے۔

بی جے پی والوں کو محبت کا ماحول پسند نہیں آتا چاہے وہ انسانوں کا پریم ہو یا ایک مرد اور پرندہ کی دوستی۔ اپنی خوشی کے لئے دوسروں کو دکھ دینے والے کبھی خوش نہیں رہتے۔

عارف جہاں جاتا سارس اس کے ساتھ اُڑتا ہوا دکھائی دیتا تھا۔ دونوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھیں۔ لوگ دونوں کی ویڈیوز بنایا کرتے تھے۔