تلنگانہ

سامبا شیوا راؤ سی پی آئی تلنگانہ کے نئے سکریٹری منتخب

ریاستی سکریٹری تلنگانہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کی حیثیت سے کنا مینی سامباشیواراؤ کو منتخب کیاگیا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی سکریٹری تلنگانہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کی حیثیت سے کنا مینی سامباشیواراؤ کو منتخب کیاگیا ہے۔

پارٹی کے ریاستی سکریٹری کے عہدہ کے لئے دونوں امیدواروں میں سخت مقابلہ کے بعد سابق ایم ایل اے کے سامبا شیواراؤ ریاستی سی پی آئی کے نئے سکریٹری منتخب ہوئے۔ توقع کی جارہی تھی کہ ریاست کے نئے سکریٹری کا اتفاق آراء سے انتخاب عمل میں آئے گا مگر سامباشیواراؤ اور پلا وینکٹ ریڈی کی دعویداری کے بعد انتخاب ناگزیر ہوگیا تھا۔

ایک ہائی ڈرامہ کے درمیان رائے دہی ہوئی جس میں سامباشیواراؤ کو 50 ووٹ ملے جبکہ پی وینکٹ ریڈی کے حق میں 45 ووٹ ڈالے گئے۔ کتہ گوڑم کے سابق ایم ایل اے سامباشیواراؤ پیشرو ریاستی کمیٹی میں اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

تشکیل تلنگانہ کے بعد چاڈا وینکٹ ریڈی‘ دو میعاد تک سکریٹری کے عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں۔ پارٹی قواعد کے مطابق کوئی بھی قائد تین میعاد تک ہی عہدہ پر برقرار رہ سکتا ہے۔

چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ اگر انہیں اتفاق آراء سے منتخب کیا جاتا ہے تو وہ تیسری میعاد کے لئے خدمات انجام دینے کے لئے تیار ہیں مگر پارٹی کے ایک اورقائد پی وینکٹ ریڈی نے دعویداری پیش کی جبکہ سامبا شیواراؤ بھی میدان میں تھے اس لئے الیکشن ناگزیر ہوگیا۔