مہاراشٹرا

شاہراہ پر شعلہ پوش کار کی مدد کیلئے چیف منسٹر نے قافلہ روک دیا

ممبئی کے ویسٹرن ایکسپریس شاہراہ پر منگل کو علی الصبح ایک مہنگی کار میں آگ لگ گئی۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کا قافلہ اس وقت جائے حادثہ سے گزررا تھا کہ شنڈے کار سوار کی مدد کرنے کے لیے وہاں رکے۔

ممبئی: ممبئی کے ویسٹرن ایکسپریس شاہراہ پر منگل کو علی الصبح ایک مہنگی کار میں آگ لگ گئی۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کا قافلہ اس وقت جائے حادثہ سے گزررا تھا کہ شنڈے کار سوار کی مدد کرنے کے لیے وہاں رکے۔

فائر بریگیڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ولے پارلے علاقہ میں شاہراہ پر ہوئے اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ یہ شاہراہ ممبئی میں ایک اہم سڑک ہے۔ فائر بریگیڈ کو دوپہر تقریباً 12 بجکر25منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی۔

انہوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا اور آگ پر قابو پالیا گیا۔ چیف منسٹر شنڈے کا قافلہ اس وقت مخالف سڑک سے گزررہا تھا۔ وہ حادثہ کو دیکھ کر کار سوار کی مدد کے لیے رک گئے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں چیف منسٹر شنڈے کار ڈرائیور سے بات کرتے نظر آرہے ہیں۔ بات چیت کے دوران چیف منسٹر نے ڈرائیور کا نام پوچھا جس نے اپنا نام وکرانت شنڈے بتایا۔

چیف منسٹر نے اس شخص سے کہا کہ زندگی بہت اہم ہے۔ انہوں نے اسے جل رہی کار کے پاس نہ جانے کے لیے کہا اور وہاں سے جانے سے پہلے اس شخص کو مدد کرنے کا تیقن بھی دیا۔