کرناٹک

لون ایپ کی دھوکہ دہی، ایک شخص سے 14 لاکھ کی جبری وصولی

لون ایپ جعلسازوں کے ایک گروہ نے کرناٹک میں 32سالہ شخص کو نشانہ بنایا۔ خانگی کمپنی کے ای او سے 14لاکھ روپئے کی جبری وصولی کرنے کے لیے دھمکی دی۔

بنگلورو: لون ایپ جعلسازوں کے ایک گروہ نے کرناٹک میں 32سالہ شخص کو نشانہ بنایا۔ خانگی کمپنی کے ای او سے 14لاکھ روپئے کی جبری وصولی کرنے کے لیے دھمکی دی۔

گروہ نے اسے دھمکایا کہ اگر وہ 14لاکھ روپئے نہیں دے گا تو اس کی برہنہ خواتین کے ساتھ بناوٹی تصاویر اس کے سارے رشتہ داروں اور خاندان کو بھیج دی جائیں گی۔

اتنا ہی نہیں انہوں نے اس شخص کے پیان کارڈ کی کاپی پر زانی لکھا اور اسے اس کی بیوی کو بھیج دیا۔ اس شخص نے لون ایپ کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ معاملہ چکبلاپور ضلع کا ہے۔

سنجے (بدلا ہوا نام) نے ہینڈی لون اور اسپیڈ ایپ کے خلاف اپنی شکایت درج کرائی ہے۔ سنجے کا الزام ہے کہ اسے بلیک میل کیا جارہا ہے۔ اسے 13,97,676 روپئے لون ادا کرنے کو کہا جارہا ہے جبکہ اس نے کبھی کوئی لون لیا ہی نہیں۔

سنجے نے چکبلاپور سی ای این کرائم پولیس کو بتایا کہ اس سال کے اوائل میں اس نے لون ایپ سے 3200 روپئے قرض لیا تھا۔ اس نے یہ لون چکابھی دیا۔ کچھ دن بعد گروہ نے سنجے کے بینک کھاتے میں کچھ رقم منتقل کی۔ اس نے لون کے لیے درخواست نہیں دی تھی اس کے باوجود اسے رقم منتقل کردی گئی۔

بعد میں اس سے سود سمیت رقم واپس کرنے کو کہا گیا۔ جب سنجے نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تو گروہ نے اس کے پیان کارڈ کی فوٹو کاپی نکالی۔ اس پر اوپر زانی لکھا اور اس کی بیوی کو بھیج دیا۔ اس کے علاوہ سنجے کی تصویر کے ساتھ چھیڑخانی کرکے برہنہ عورتوں کے ساتھ دکھاتے ہوئے تصویر بنائی جنہیں اس کے دوستوں کو بھیجا گیا۔