شمالی بھارت

مرادآباد کے ایک مکان میں نماز پڑھنے پر 26 افراد کے خلاف کیس

سپرنٹنڈنٹ پولیس (دیہات) مرادآباد سندیپ کمار مینا نے بتایا کہ موضع دولہے پور میں 2  مقامی دیہاتیوں کے مکان میں کئی لوگ اکٹھا ہوئے اور انہوں نے نماز ادا کی۔

مرادآباد: مرادآباد پولیس نے مقامی حکام کی پیشگی اجازت کے بغیر ایک مکان میں نماز ادا کرنے پر 26  افراد کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (دیہات) مرادآباد سندیپ کمار مینا نے بتایا کہ موضع دولہے پور میں 2  مقامی دیہاتیوں کے مکان میں کئی لوگ اکٹھا ہوئے اور انہوں نے نماز ادا کی۔

ان لوگوں سے سابق میں بھی کہا گیا تھا کہ وہ ایسا نہ کریں کیونکہ دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے ان کے پڑوسیوں کو اس پر اعتراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ 16 معلوم اور 10نامعلوم افراد کے خلاف آئی پی سی سکشن 505-2 کے تحت ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ شکایت مقامی چندرپال سنگھ نے درج کرائی تھی۔

موضع دولہے پور کے مکان میں لوگوں کی کثیر تعداد کے نماز ادا کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد چند دایاں بازو (ہندو) کارکنوں نے احتجاج کیا اور پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا۔