سوشیل میڈیاشمالی بھارت

Video: اراضی تنازعات، 5 خواتین کو گولی مار دی گئی

بہار کے ضلع بٹیا کے ایک گاؤں میں اراضی تنازعہ پر 5 خواتین کو گولی مار دی گئی، جو ہاسپٹل میں زیر علاج اور موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ مبینہ طور پر ذمہ دار ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پٹنہ: بہار کے ضلع بٹیا کے ایک گاؤں میں اراضی تنازعہ پر 5 خواتین کو گولی مار دی گئی، جو ہاسپٹل میں زیر علاج اور موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ مبینہ طور پر ذمہ دار ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب خواتین مغربی چمپارن ضلع کے نکتی پٹوارہ گاؤں میں زمین کے مسئلہ پر احتجاج کرنے گئی تھیں۔

دیہاتیوں کا دعویٰ ہے کہ انہیں حکومت نے 1985ء میں بے زمین مزدوروں کی حیثیت سے اراضی دی تھی۔ انہیں بے دخل کیے جانے کے بعد یہ معاملہ عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔

عدالت نے 2004ء سے اراضی پر جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت دی تھی، لیکن آج صبح سابق مالک ششیر دوبے ایک ٹریکٹر کے ساتھ پہنچ گیا اور زبردستی کھیت جوتنے کی کوشش کی۔ جب خواتین اعتراض کرنے وہاں پہنچیں تو اس نے بندوق نکالی اور ان پر گولیوں کی بوچھار کردی، جس کے نتیجہ میں پانچ خواتین زخمی ہوگئیں۔

سینئر پولیس عہدیدار فوری جائے واقعہ پر پہنچ گئے۔ بعد ازاں علاقہ کی تلاشی کے لیے پولیس ٹیموں کو تعینات کردیا گیا اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ کی جامع تحقیقات کی جارہی ہیں۔ فائرنگ کے سلسلہ میں ملزم کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔

بیٹیا کے سپرنٹنڈنٹ پولیس اوپیندر ناتھ ورما نے بتایا کہ فائرنگ کے لیے استعمال کی گئی بندوق کا جائزہ لیا جائے گا اور نتائج کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔