حیدرآباد

ڈاکٹر عبدالمنان اور نواب شاہ عالم خان کی حیدرآبادیت کو خراج

مولاناابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ سنٹرمیں ادارہ میرا شہر میرے لوگ کی ناقابل فراموش محفل پروفیسر ایس اے شکور سابق صدر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ و سابق ڈائریکٹر /سیکریٹری اردو اکیڈیمی کی صدارت میں منعقد ہوئی

حیدرآباد: مولاناابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ سنٹرمیں ادارہ میرا شہر میرے لوگ کی ناقابل فراموش محفل پروفیسر ایس اے شکور سابق صدر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ و سابق ڈائریکٹر /سیکریٹری اردو اکیڈیمی کی صدارت میں منعقد ہوئی‘ادبی اجلاس کے مہمانان خصوصی و مقررین کی حیثیت سے جناب خالد محی الدین سینئر صحافی (صحافی ئدکن)، ڈاکٹر ناظم علی سابق پرنسپل موڑ تاڑ کالج نظام آباد اور ڈاکٹر جہانگیر احساس نے شرکت کی۔

صدر ادارہ میرا شہر میرے لوگ و مدیر خوشبو کا سفرجناب صلاح الدین نیرؔنے خیر مقدمی و تعارفی تقریر کی، جواں سال شاعر لطیف الدین لطیفؔ نے ادبی اجلاس و مشاعرہ کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ صدارت ممتازو سینئر شاعر نورؔ آفاقی (محبوب نگر)نے کی۔

جب کہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے سینئر شاعر حلیم بابرؔ، ظہیرؔ ناصری(محبوب نگر) قیوم یاورؔ،(تاونڈور) جلال عارفؔاور ڈاکٹر فاروق شکیلؔ نے شرکت کی۔محفل مشاعرہ میں مقبول و پسندیدہ شعراء سمیع اللہ حسینی سمیعؔ، نسیم اعجاز نسیمؔ،زعیم ؔذومرہ، ناقد ؔرزاقی، افضلؔ عارفی، زاہدؔ ہریانوی، سہیل عظیمؔ، جہانگیر احساسؔ، گویند اکشےؔ، لطیف الدین لطیفؔ، صلاح الدین نیرؔاور شاعرات میں خیر النساء علیمؔ، نصرت ؔریحانہ، ممتاز سلطانہ و دیگر نے کلام سنایا۔

ادارہ میرا شہر میرے لو گ کے زیر اہتمام یاد رفتگان کے تناظر میں جناب عابد علی خاں، محبوب حسین جگرؔ،ڈاکٹر محی الدین قادری زورؔ، پروفیسر حبیب الرحمن، مخدوم محی الدین، سکند ر علی وجدؔ کی خدمات کے اعتراف میں معیاری ادبی و شعری محفل کا اہتمام کیا جاچکا ہے‘واضع باد کہ ادارہ میرا شہر میرے لوگ کا قیام ۳۰ برس پہلے پرانے شہر کے مال والا پیالس میں زیر نگرانی جناب عابد علی خان اور زیر سرپرستی ڈاکٹر وی رمنا چاری مشیر اعلی حکومت تلنگانہ عمل میں آیا تھا جس کے سربراہ مدیر خوشبو کا سفر صلاح الدین نیرؔ مقرر کئے گئے جو آج بھی سربراہ ہیں۔

ادبی اجلاس میں مہمان خصوصی و مقرر جناب خالدمحی الدین نے کہا کہ میں انورالعلوم کالج کا طالب علم رہ چکا ہوں‘ نواب شاہ عالم خان کی تعلیمی خدمات مسلم طلباء کے لئے ناقابل فراموش رہیں۔ ڈاکٹر سید عبدالمنان اپنے دور کے کامیاب ترین مسیحا رہے ہیں۔

ڈاکٹر ناظم علی نے نواب شاہ عالم خان اور ڈاکٹر سید عبدالمنان کی حیدرآبادیت کو خراج عقیدت پیش کیا، جواں سال قلم کار ڈاکٹر جہانگیر احساس نے کہا کہ ان دونو ں محترم شخصیتوں نے اردو ادب ودکنی تہذیب کے فروغ کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ نئی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔صدر ادارہ جناب صلاح الدین نیرؔ نے ان شخصیتوں کی زبان و ادب کی خدمات کا تفصیلی طورپر جائزہ لیا اور تبصرہ کیا۔

صدر ادبی اجلاس پروفیسر ایس اے شکور نے اپنی جامع معلومات آفریں پر اثر طویل تقریر میں پچھلے دور اور آج کی محفلوں کا تجزیہ کیا۔ اپنے بہترین مشاہدات اور تجربات سے حاضرین محفل کی معلومات میں اضافہ کیا۔ ادارہ کا آئندہ ادبی اجلاس و مشاعرہ ڈاکٹر راج بہادر گوڑ اور ڈاکٹر سی نارئن ریڈی کی یاد میں منعقد ہوگا۔