دہلیکھیل

کے سی آر کی دہلی میں کسان تنظیموں وپارٹی قائدین سے ملاقات

بی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کے روز پارٹی کے قومی دفتر کا دورہ کیا‘ اس دفتر کا دو دن قبل دہلی کے ایس پی مارگ پر افتتاح عمل میں آیا تھا۔

حیدرآباد: بی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کے روز پارٹی کے قومی دفتر کا دورہ کیا‘ اس دفتر کا دو دن قبل دہلی کے ایس پی مارگ پر افتتاح عمل میں آیا تھا۔

کے سی آر‘ آج 1:38 بجے پارٹی دفتر پہونچے۔ اپنے چیمبر میں انہوں نے ارکان پارلیمنٹ اور مختلف ریاستوں کے کسانوں کی تنظیموں کے قائدین سے تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں بی آر ایس سربراہ نے دفتر میں قائم کئے گئے کانفرنس ہال کا معائنہ کیا۔

انہوں نے دوسری منزل پر دفتر اور دیگر قائدین کو الاٹ کردہ چیمبرس کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر کے چندر شیکھر راؤ نے کئی تجاویز و مشورے بھی دئیے۔ اس موقع پر پارٹی دفتر کا احاطہ‘ جئے بھارت‘ جئے کے سی آر اور جئے بی آر ایس کے نعروں سے گونج اٹھا۔

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ پارٹی کے پارلیمنٹری قائد ڈاکٹر کے کیشوراؤ‘ ناماناگیشور راؤ‘ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے دو دن قبل قومی دارالحکومت نئی دہلی میں بی آر ایس کے دفتر کا عظیم الشان افتتاح عمل میں لایا مگر اس وقت یہ صاف محسوس کیاگیا کہ ہم خیال اور بی جے پی مخالف قائدین کی شرکت برائے نام تھی۔

چند کسان تنظیموں کے قائدین‘ سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو‘ سابق چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی کے علاوہ افتتاحی تقریب میں کوئی معروف چہرہ موجود نہیں تھا۔ توقع کی جارہی تھی کہ بہار سے نتیش کمار‘ تیجسوی یادو‘ مغربی بنگال سے ممتابنرجی اور ٹاملناڈو سے ایم کے اسٹالن اس افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے تاہم گذشتہ دودنوں سے کے سی آر نے نئی دہلی میں مصروف وقت گزارا۔ اِن سے جنتادل‘ جنتادل(یو)‘ راشٹریہ جنتادل‘ جنتادل سیکولر‘ اے آئی ایم آئی ایم کے قائدین نے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کے سی آر سے گذشتہ دو دنوں سے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ملاقات کو بی آر ایس قیادت صرف آغاز قرار دے رہی ہے۔ بی آر ایس قائدین کا کہنا ہے کہ کے سی آر کی قیادت میں مخالف بی جے پی تمام جماعتوں کو متحد کرنے میں یقیناً کامیابی حاصل ہوگی‘ ہم ”اب کی بار کسان سرکار“ کے مقصد کو حاصل کرنے میں ضرور کامیاب رہیں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ کے سی آر نے ملاقات کے لئے آرہے قائدین پر واضح کہا ہے کہ جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کا کچھ عمل دخل نہیں رہتا ہے‘ ہر فیصلہ عوام کو کرنا ہوتا ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ عوام‘ ملک کو نئے سیاسی نظام‘ منشور‘ ترقی کے منصوبہ سے اتفاق کریں گے اور وہ ملک کی سیاسی‘ معاشی اور سماجی صورتحال میں خوشگوار معیاری تبدیلی لانے میں کامیاب رہیں گے۔

دوسری طرف صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی الم نارائن کی قیادت میں ایک وفد نے نئی دہلی میں کے سی آر سے ملاقات کی اور بی آر ایس کی مکمل حمایت کرنے کا تیقن دیا۔