تلنگانہحیدرآباد

گورنر کی ہٹ دھرمی، حکومت عدالتوں سے رجوع ہونے پرمجبور

ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے گورنر ڈاکٹرتمثیلی سائی سوندرا راجن پر بغیر کسی وجہ کے اسمبلی میں منظورہ بلز کو توثیق کرنے سے گریز کرنے کاالزام عائد کیا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے گورنر ڈاکٹرتمثیلی سائی سوندرا راجن پر بغیر کسی وجہ کے اسمبلی میں منظورہ بلز کو توثیق کرنے سے گریز کرنے کاالزام عائد کیا۔

انہوں نے کہاکہ گورنر کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بلز کی منظوری کے لیے حکومت کوعدالتوں سے رجوع ہوناپڑرہاہے۔ سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کرنے سے آج تین بلز کو منظوری دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ریاست کی ترقی کو روکنے کے لیے بی جے پی کس طر ح سازشیں کرنے میں مصروف ہے۔ ہریش راؤ نے کہاکہ فاریسٹ یونیورسٹی بل کو جائزہ لینے کے لیے گورنر نے صدر جمہوریہ کو روانہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا یہ عمل ریاست کی ترقی میں رکاوٹ کھڑی کرنا نہیں ہے؟

انہوں نے کہاکہ کامن ریکروٹمنٹ بل کے ذریعہ ہم ملازمتیں فراہم کرناچاہتے تھے مگر گورنر نے اس بل کو 7ماہ تک زیر التواء رکھ کر اب صدر جمہوریہ کو رونہ کیا ہے۔ انہوں نے گورنر سے جاننا چاہا کہ کیا تلنگانہ کے سپوتوں کو پروفیسرس بننے کاحق حاصل نہیں ہے؟

ریاستی وزیر فینانس نے کہاکہ 1961 سے ہی بہار اور جھارکھنڈ جیسی ریاستوں میں کامن ریکروٹمنٹ بورڈ پر عمل کیا جارہاے۔پھر تلنگانہ میں اس بل کو منظور کرنے میں گورنر کی جانب سے دکھائی جارہی تاخیر کہا ں تک درست ہے؟

انہوں نے گورنر سے جاننا چاہا کہ کہاں سے آنے والی ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کو روکنے ریاست کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ان سارے اقدامات کے پس پردہ سطحی سیاست کی کیا وجہ ہے؟ ہریش راؤ نے کہاکہ گورنر کے اقدامات سے تلنگانہ کے عوام میں برہمی پائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مناسب وقت پر تلنگانہ سماج مرکزی حکومت کو سبق سکھائے گا۔