تعلیم و روزگار

ہندوستانی طلبا کو روس میں میڈیکل تعلیم کی تکمیل کی پیشکش

جنگ کے دوران یوکرین سے ہندوستان لوٹے 24 ہمار ہندوستانی میڈیکل طلبا کے اندیشے دور کرتے ہوئے روس نے کہا ہے کہ وہ روس میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں کیونکہ روس اور یوکرین کا میڈیکل نصاب یکساں ہے۔

نئی دہلی: جنگ کے دوران یوکرین سے ہندوستان لوٹے 24 ہمار ہندوستانی میڈیکل طلبا کے اندیشے دور کرتے ہوئے روس نے کہا ہے کہ وہ روس میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں کیونکہ روس اور یوکرین کا میڈیکل نصاب یکساں ہے۔

روسی قونصل جنرل نے چینائی میں کہا کہ یوکرین چھوڑکر ہندوستان لوٹنے والے طلبا روس میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں کیونکہ نصاب لگ بھگ ویسا ہی ہے۔

وہ زبان سے بھی واقف ہیں۔ یوکرین میں زیادہ تر روسی زبان بولی جاتی ہے۔ روس میں ان کا خیرمقدم ہے۔ قبل ازیں نئی دہلی میں روسی سفارت خانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن نے بھی جون میں پیشکش کی تھی کہ ہندوستانی طلبا پچھلا تعلیمی سال ضائع کئے بغیر ہماری یونیورسٹیوں میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

ستمبر میں ہندوستان کے نیشنل میڈیکل کمیشن نے واضح کیا تھا کہ وہ یوکرین سے لوٹے ہندوستانی طلبا کو ہندوستانی میڈیکل کالجس میں جگہ دینے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر طلبا میڈیکل لائن چھوڑکر دیگر ممالک کے تعلیمی اداروں کو منتقل ہورہے ہیں۔

حکومت ِ ہند کے کہنے پر ازبکستان پیشکش کرچکا ہے کہ وہ 2 ہزار میڈیکل نشستیں ہندوستانی طلبا کو دے سکتا ہے۔ وہ بجٹ میں ہندوستانی غذا کے ساتھ قیام و طعام اور پڑھائی کی سہولت ایک ہی جگہ پر فراہم کرسکتا ہے۔ یوکرین میں 6 سالہ میڈیکل ڈگری 17 لاکھ روپیوں میں مکمل ہوجاتی ہے جو ہندوستانی خانگی میڈیکل کالجوں کی فیس سے کافی کم ہے۔