سوشیل میڈیاقومی

بے زبان پر بھیڑ کا ظلم، پتھروں اور ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر کتے کو مار ڈالا، ویڈیو وائرل

یہ واقعہ وسطی کشمیر کے علاقے ماگم بیرواہ کا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ ایک آوارہ کتے پر وحشیانہ حملہ کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں کتا اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن مشتعل ہجوم اسے مسلسل نشانہ بناتا رہتا ہے۔

بڈگام (جموں و کشمیر): وادی کشمیر کے ضلع بڈگام سے حیوانیت اور بے رحمی کا ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ یہاں ایک ہجوم نے ایک بے زبان آوارہ کتے کو گھیر کر اس پر پتھروں اور وزنی ڈنڈوں سے اس وقت تک حملہ کیا جب تک اس کی جان نہیں نکل گئی۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ وسطی کشمیر کے علاقے ماگم بیرواہ کا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ ایک آوارہ کتے پر وحشیانہ حملہ کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں کتا اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن مشتعل ہجوم اسے مسلسل نشانہ بناتا رہتا ہے۔ شدید چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئے کتے نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ مقامی لوگوں نے اس کتے پر چند راہگیروں کو کاٹنے کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد مشتعل افراد نے قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں اور عام شہریوں نے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر کتا جارحانہ ہو گیا تھا تو اس کی اطلاع متعلقہ محکمے یا میونسپل کمیٹی کو دی جانی چاہیے تھی لیکن اس طرح اسے بے رحمی سے قتل کرنا غیر انسانی فعل ہے۔

عوامی غم و غصے اور ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد جموں و کشمیر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے ماگم تھانے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی مدد سے ملزمین کی شناخت کی جا رہی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔