دلہے کو ایک کروڑ روپے، زیورات اور BMW، رشتہ کروانے والے کو اسکارپیو، شاہانہ شادی کی ویڈیو وائرل
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص مائیک تھامے مہمانوں کے سامنے دولہے کو ملنے والے تحائف کی فہرست پڑھ رہا ہے۔ ویڈیو کے مطابق دولہے کو ایک بی ایم ڈبلیو (BMW) کار، ایک کروڑ، ایک لاکھ، گیارہ ہزار روپے نقد، 71 تولے زیورات: (جس میں 11 ہیرے کے، 42 سونے کے اور 18 چاندی کے سیٹ شامل ہیں) دی گئیں:
غازی آباد: ہندوستان میں جہیز کے خلاف سخت قوانین کے باوجود ایک ایسی شادی کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں ہونے والی اس شاہانہ شادی میں دولہے کو کروڑوں روپے مالیت کا جہیز دیا گیا، جس کا سرعام اعلان مائیک پر کیا گیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص مائیک تھامے مہمانوں کے سامنے دولہے کو ملنے والے تحائف کی فہرست پڑھ رہا ہے۔ ویڈیو کے مطابق دولہے کو ایک بی ایم ڈبلیو (BMW) کار، ایک کروڑ، ایک لاکھ، گیارہ ہزار روپے نقد، 71 تولے زیورات: (جس میں 11 ہیرے کے، 42 سونے کے اور 18 چاندی کے سیٹ شامل ہیں) دی گئیں:
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ صرف دولہے کو ہی نہیں بلکہ شادی کرانے والے کو اسکارپیو گاڑی اور دیگر مددگار کو اسپلینڈر بائیکس بھی تحفے میں دی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جہاں ایک طرف حکومت "بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ” کا نعرہ لگا رہی ہے، وہیں دوسری طرف جہیز کی اس طرح کھلے عام نمائش سماج کے لیے ایک ناسور ہے۔
ایک صارف نے لکھا، "جہیز کو آج بھی اسٹیٹس سمجھا جا رہا ہے، یہ شرمناک ہے۔” جبکہ ایک دوسرے صارف نے مطالبہ کیا کہ پولیس کو اس معاملے کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
ہندوستان میں ڈاؤری پروبیشن ایکٹ 1961 کے تحت جہیز لینا اور دینا دونوں سنگین جرم ہیں۔ اس کے باوجود اس طرح کی "اعلانِ جہیز” کی ویڈیوز قانون کے نفاذ پر سوالیہ نشان کھڑا کرتی ہیں۔
اگرچہ یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہے، تاہم ابھی تک پولیس یا کسی سرکاری ادارے کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی یہ واضح ہو سکا ہے کہ یہ ویڈیو بالکل حالیہ ہے یا پرانی۔
نوٹ: یہ رپورٹ سوشل میڈیا پر وائرل دعوؤں اور خبروں کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔