جرائم و حادثاتحیدرآباد

نامپلی اسٹیشن پر حیدرآباد-جے پور اسپیشل ایکسپریس کی 2 اے سی بوگیوں میں آگ، ویڈیو

ریلوے حکام نے بتایا کہ متاثرہ بوگیوں میں اس وقت کوئی مسافر موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے بڑا سانحہ پیش آنے سے بچ گیا۔ احتیاطی طور پر قریبی کوچز میں موجود مسافروں کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا۔

حیدرآبادـ نامپلی ریلوے اسٹیشن پر جمعہ کی شام حیدرآباد-جے پور اسپیشل ایکسپریس کی دو اے سی بوگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد اسٹیشن پر کچھ دیر کے لیے افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ تاہم ریلوے عملہ اور فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی کے باعث بڑا حادثہ ٹل گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

رپورٹس کے مطابق آگ ٹرین کے روانہ ہونے سے چند منٹ قبل شام 7 بجے کے قریب لگی۔ آگ ٹرین کی تھری ٹائر اے سی کوچز B1 اور B2 میں بھڑکی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ متاثرہ بوگیوں میں اس وقت کوئی مسافر موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے بڑا سانحہ پیش آنے سے بچ گیا۔ احتیاطی طور پر قریبی کوچز میں موجود مسافروں کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا۔

فائر بریگیڈ نے 3 فائر انجنوں کی مدد سے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا اور شعلوں کو دیگر بوگیوں تک پھیلنے سے روک دیا۔ حکام کے مطابق ریلوے اسٹاف کی مستعدی اور فائرفائٹرز کی تیز کارروائی نے صورتحال کو سنگین ہونے سے بچا لیا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ واقعے کی مکمل جانچ کے لیے انکوائری شروع کی جائے گی، جس میں الیکٹریکل سسٹم، مینٹیننس ریکارڈ اور دیگر ممکنہ وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ادھر آگ سے متاثرہ کوچز کو الگ کرنے اور باقی ٹرین کی حفاظتی جانچ کے باعث مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔