امریکہ میں مغویہ ہندوستانی نژاد چار افراد کو اغوا کنندہ نے مار ڈالا
ان کے اغوا کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اغوا کار انہیں بندوق کی نوک پر گھر سے باہر نکال کر اپنے ٹرک کی طرف لے جارہا ہے۔ یہ ویڈیو ان لوگوں کی لاشیں دستیاب ہونے سے چند گھنٹے قبل جاری کی گئی تھی۔
کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہندوستانی نژاد خاندان کے چار افراد بشمول ایک 8 ماہ کی بچی کی لاشیں دستیاب ہوئی ہیں جنہیں کچھ دن قبل بندوق کی نوک پر اغوا کرلیا تھا۔
ان کے اغوا کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اغوا کار انہیں بندوق کی نوک پر گھر سے باہر نکال کر اپنے ٹرک کی طرف لے جارہا ہے۔ یہ ویڈیو ان لوگوں کی لاشیں دستیاب ہونے سے چند گھنٹے قبل جاری کی گئی تھی۔
ہندوستان کی ریاست پنجاب کے ہوشیار پور سے تعلق رکھنے والے چار افراد 8 ماہ کی آروہی ڈھیری، اس کی 27 سالہ ماں جسلین کور، اس کے والد 36 سالہ جسدیپ سنگھ اور اس کے انکل امن دیپ سنگھ (39) کی لاشیں چہارشنبہ کے روز ایک باغ سے ملی تھیں۔ انہیں پیر کو مرسیڈ کاؤنٹی کی ایک عمارت سے اغوا کیا گیا تھا۔
ان کا سراغ لگانے کے لئے عوام سے مدد طلب کرتے ہوئے، مرسیڈ کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے عوام کے لئے ایک اپیل جاری کی تھی جبکہ ان کا ویڈیو بھی جاری کیا گیا تھا۔
امریکی نیوز نیٹ ورکس کے ذریعے نشر ہونے والی اس ویڈیو میں جسدیپ اور امن دیپ سنگھ کو اپنے ہاتھ باندھ کر باہر آتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ چند لمحوں بعد، اغوا کار جس کے پاس بندوق تھی، جسلین اور اس کی 8 ماہ کی بچی آروہی کو عمارت سے باہر نکال کر ایک ٹرک میں لے جاتا ہے۔
اغوا کی واردات اس وقت سامنے آئی جب پولیس کو ایک لاوارث کار کو آگ لگانے کی اطلاع ملی۔ گاڑی امن دیپ سنگھ کی تھی۔ جب پولیس کو اس کے گھر پر کوئی نہیں ملا تو انہوں نے ایک رشتہ دار سے رابطہ کیا۔ اس کے بعد خاندان کے لاپتہ ہونے کی توثیق ہوئی۔ جب سیکیورٹی فوٹیج میں اغوا کا انکشاف ہوا تو تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگیا، اور ایف بی آئی اور دیگر ایجنسیوں کو اس میں شامل کرلیا گیا۔
باغ کے قریب ایک فارم ورکر کو کل شام چاروں کی لاشیں ملیں اور اس نے فوری طور پر پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ تمام لاشیں قریب قریب پڑی ہوئی تھیں۔
مشتبہ شخص جیسس مینوئل سالگاڈو کو منگل کے روز گرفتار کیا گیا تھا اور وہ خود کو ہلاک کرنے کی کوشش کے بعد ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
شیرف کے دفتر نے بتایا کہ سالگاڈو کے اہل خانہ نے ہی اس بات کی اطلاع دی جبکہ سالگاڈو نے مبینہ طور پر اعتراف کیا تھا کہ اس نے ہی چاروں کا اغوا کیا ہے۔
مرسیڈ کاؤنٹی کے شیرف ورن وارنکے نے مشتبہ شخص کے بارے میں کہا کہ اس آدمی کے لئے جہنم میں ایک خاص جگہ ہے۔
شیرف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس واقعہ پر جو میرے احساسات ہیں وہ بیان کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
یہ خاندان پنجاب کے ہوشیار پور سے تعلق رکھتا تھا، جہاں ان کے رشتہ داروں نے مدد کے لئے بے صبری سے اپیلیں کی تھیں۔ تاہم امریکہ کی پولیس اس خاندان کو نہیں بچاسکی۔