نائیڈو کی ضمانت کی عرضی، سماعت سے ہائی کورٹ جج کا انکار
آندھرا پردیش ہائی کورٹ جج جسٹس وینکٹ جیوترا مائی پرتاپ نے جمعہ کے روز اسکل ڈیولپمنٹ اسکام کیس میں ماخوذ سابق چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی عبوری ضمانت کی درخواست کی
امراوتی: آندھرا پردیش ہائی کورٹ جج جسٹس وینکٹ جیوترا مائی پرتاپ نے جمعہ کے روز اسکل ڈیولپمنٹ اسکام کیس میں ماخوذ سابق چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ نائیڈو کی عرضی کی سماعت سے خود کو علیحدہ کررہے ہیں۔
وکیشن بنچ کے سامنے جب نائیڈو کی عرضی سماعت کیلئے آئی تب جج موصوف نے اس عرضی کی سماعت سے خود کو علیحدہ کرتے ہوئے کہا کہ ”میرے سامنے عرضی نہ رکھیں“ چیف جسٹس دیراج سنگھ ٹھاکر فیصلہ کریں گے کہ اس عرضی کو سماعت کیلئے کس بنچ پر روانہ کی جائے۔
نائیڈو کے وکلا نے جمعرات کے روز ہاوز پٹیشن داخل کرتے ہوئے عدالت سے التجا کی تھی کہ اس عرضی پر فوری سماعت کی جائے کیونکہ نائیڈو کی سیدھی جانب کی آنکھ کی سرجری کی جانی ہے۔
وجئے واڑہ کی اے سی بی عدالت نے9/ اکتوبر کو نائیڈو کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔