سوشیل میڈیاکھیل

آئی پی ایل منی آکشن: آٹو ڈرائیور کے بیٹے کی قسمت راتوں رات چمک گئی

نئی دہلی: پڑھوگے لکھوگے تو بنوگے نواب، کھلوگے کودوگے تو ہوگے خراب‘ یہ جملہ وقت کے ساتھ بدلا ہے جہاں صرف پڑھائی ہی نہیں کھیل کو بھی اتنا ہی اہم سمجھا جاتاہے۔ ایسے کئی کرکٹرز دیکھے گئے ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کی بدولت کھیلوں کی دنیا میں بہت نام کمایا ہے۔

یہ مانا جاتا ہے کہ اگر عزم ہو تو زندگی میں کچھ بھی حاصل کیاجا سکتاہے۔ اس کی زندہ مثال حال ہی میں منعقدہ آئی پی ایل 2023 کی نیلامی میں دیکھنے کو ملی۔ نیلامی میں فرنچائز نے بنگال کے فاسٹ بولر مکیش کمار پر کافی رقم خرچ کی ہے۔

لیکن ایک وقت تھا جب مکیش بہت مشکل مرحلے سے گزر رہے تھے، پھر بھی انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ انڈین پریمیر لیگ کے 16ویں سیزن کیلئے 23 دسمبر کو کوچی میں ایک منی نیلامی کا اہتمام کیاگیا تھا۔

 اس نیلامی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بولر مکیش کمار کو خریدنے کیلئے فرنچائزز کے درمیان مقابلہ ہوا۔ مکیش اس نیلامی میں 20 لاکھ کی بنیادی قیمت کے ساتھ اترے تھے، لیکن فرنچائزز نے انہیں خریدنے کیلئے پیسوں کی بارش کردی اور آخر کار دہلی کیپٹلس نے 5.50 کروڑ کی رقم دے کر انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔

 واضح رہے کہ مکیش کا آخری آئی پی ایل سیزن کامیاب رہا تھا۔ اس سے قبل وہ چینائی سوپر کنگز کا حصہ تھے۔ جمعہ کو ہونے والی منی نیلامی میں مکیش دوسرے سب سے مہنگے گھریلو فاسٹ بولر تھے۔ شیوم ماوی کو ان سے زیادہ پیسے ملے۔

گجرات ٹائٹنز نے شیوم کو 6 کروڑ میں خریدا۔ مکیش کمار بہار کی راجدھانی پٹنہ سے تقریباً 150 کلومیٹر دور گوپال گنج ضلع کے ایک چھوٹے سے گاؤں کاکڑ کنڈ کے رہنے والے ہیں۔ مکیش کو بچپن سے کھیلوں کا شوق تھا۔ لیکن اس کے والد انہیں پڑھائی اور اسی میں کیریئر بنانے کو کہتے تھے۔

 مکیش نے اپنی زندگی میں غربت کو قریب سے دیکھا ہے جہاں غربت اتنی شدید تھی کہ ان کے والد کولکتہ گئے اور آٹو چلانا شروع کردیا۔ دوسری جانب مکیش گوپال گنج میں کرکٹ کھیلتے تھے، اپنے ٹیلنٹ کے بل بوتے پر مکیش نے بہار کی انڈر۔19 ٹیم میں بھی شمولیت اختیار کی، بعد میں ان کے والد نے انہیں نوکری کیلئے کولکتہ بلایا۔

 لیکن مکیش نے اپنا ارادہ نہیں بدلا اور کولکتہ کیلئے کھیلنا جاری رکھا۔ مکیش نے تین بار فوج میں بھرتی ہونے کی کوشش کی اور تینوں بار ناکام رہے۔ مکیش کمار نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سب کو متاثر کیا۔

مکیش نے رانجی میچوں میں بنگال کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جس کے بعد انہیں انڈیا اے ٹیم میں شامل کیاگیا۔ یہی نہیں انہیں اس سال جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم انڈیا میں شامل کیاگیا تھا۔ تاہم مکیش کو بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کا موقع نہیں ملا ہے۔

 مکیش نے 23 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 7.20 کی اکانومی اور 23.68 کی اوسط سے 25 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس فارمیٹ میں ان کی بہترین کارکردگی 12 رنز کے عوض 3 وکٹیں رہی ہیں۔

a3w
a3w