شمالی بھارت

ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات ادا کی گئی

ملائم کے بیٹے و ایس پی صدر اکھلیش یادو نے ملائم سنگھ یادو امر رہیں۔دھرتی پتر امر رہیں‘ کے فلگ شگاف نعروں کے درمیان ان کے جسد خاکی کو مکھیہ اگنی دی۔آخری رسومات کی ادائیگی پوری سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئیں۔

اٹاوہ: اترپردیش کے سابق چیف منسٹر و سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے فاونڈر ملائم سنگھ یادو کا منگل کو ان کے آبائی گاؤں سیفئی میں نم آنکھوں کے ساتھ آخری رسومات کی ادائیگی کردی گئی۔ہزاروں خیرخواہوں و پارٹی کارکنوں نے آبدیدہ آنکھوں سے اپنے لیڈر کو الوداع کہا۔

ملائم کے بیٹے و ایس پی صدر اکھلیش یادو نے ملائم سنگھ یادو امر رہیں۔دھرتی پتر امر رہیں‘ کے فلگ شگاف نعروں کے درمیان ان کے جسد خاکی کو مکھیہ اگنی دی۔آخری رسومات کی ادائیگی پوری سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئیں۔اس موقع پر اپنے لیڈر کے آخری دیدار کے لئے میلہ گراونڈ میں عوام کا جم غفیر امڈپڑا۔

اس موقع پر پورا یادو خاندان بشمول شیوپا ل سنگھ یادو، رام گوپال یادو، دھرمیندر یادو، آدتیہ یادو، ڈمپل یادو، پرتیک یادو اور دیگر خاندانی اراکین اور رشتہ دار و لواحقین خاص طور سے موجود تھے۔

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ،لوک سبھا اسپیکر اوم پرکاش برلا،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) صدر شردپوار،مختلف ریاستوں کے وزرا ءاعلی،مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے ان کے آخری رسومات کی ادائیگی سے قبل ان کا آخری دیدار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کی۔

سوسلشٹ لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد راج ناتھ سنگھ نے کہا’ملائم سنگھ جی سے ہمارے بہت خوشگوار تعلقات تھے۔ملائم سنگھ کو زمین سے جڑا ہوا لیڈر مانا جاتا تھا۔ملائم کا انتقال ہندوستانی سیاست کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

اس دوران یوپی کے نائب وزیر اعلی برجیش پاٹھک نے کہا کہ اترپردیش کے سابق وزیر اعلی و سینئر لیڈر ملائم سنگھ یادو جی کا انتقال کافی تکلیف دہ ہے آج سیفئی پہنچ کرمغموم دل کے ساتھ ان کے جسد خاکی کو خراج عقید پیش کرتے ہوئے خدا سے ان کے روح کی تسکین کی دعا کی۔

اس سے قبل صبح ملائم کے جسد خاکی کوسیفئی میلہ گراونڈ کے پنڈال میں لایا گیا جہاں ملائم کے آخری دیدار کے لئے عوام کا جم غفیر امڈ پڑا۔چھتس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل،راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت،تلنگانہ کے وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ،یوپی کے نائب وزراء اعلی کیشو پرساد موریہ، برجیش پاٹھک، بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو، مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو،ایس پی کی راجیہ سبھارکن جیہ بچن،اور ان کےبیٹے ابھیشیک بچن نے ملائم کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ساتھ ہی یوگ گرو بابا رام دیو، صنعت کار انل امبانی، سبرت رائے،ایس پی کے سینئر لیڈر و لمبے عرصے تک ملائم کے ساتھ رہے محمد اعظم خان، ان کے بیٹے عبداللہ اعظم،بی جے پی ایم پی مینکا گاندھی، ان کے بیٹے و ایم پی ورون گاندھی،کانگریس لیڈر ملکا ارجن کھڑگے،سابق وفاقی وزیر پرفل پٹیل،سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی(ایس بی ایس پی)صدر اوم پرکاش راج بھر،اور متعدد سیاسی لیڈران نے نیتا جی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قابل ذکر ہے کہ لمبی علالت کے بعد سابق وزیر دفاع ملائم سنگھ یادو کا پیر کی صبح گرو گرام کے میدانتا اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔82سالہ سوسلشٹ رہنما گذشتہ تقریبا ڈیڑھ مہینوں سے یہیں زیر علاج تھے۔ ان کے جسم کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کردیا تھا۔

گروگرام کے میدانتا اسپتال سے ان کے جسد خاکی کو کل ہی ان کے آبائی گاؤں سیفئی لایا گیا تھا۔جہاں یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، جل شکتی وزیر سوتنتر دیو سنگھ اور بی جے پی ریاستی صدر بھوپیندر سنگھ نے پہنچ کر ملائم کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔معروف سوسلشٹ رہنما کے انتقال پر ریاستی حکومت نے تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔