مہاراشٹرا

بندروں کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش میں ایک شخص کی موت

بھور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وٹھل دبادے نے بتایا کہ وہاں ارد گرد کچھ بندر تھے اور وہ بظاہر پس منظر میں ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک 500 فٹ گہری کھائی میں جاگرے اور ہلاک ہوگئے۔

ممبئی: مہاراشٹر میں ایک 39 سالہ شخص ورندا گھاٹ روڈ پر بندروں کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کے دوران 500 فٹ گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوگیا۔

یہ واقعہ منگل کی شام کو پیش آیا۔ ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص عبدالشیخ کی لاش چہارشنبہ کی صبح برآمد کر لی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ عبدالشیخ اپنی کار میں کونکن کی طرف جارہے تھے کہ ورندا گھاٹ روڈ پر واگھجائی مندر کے قریب بندروں کو دیکھ کر رک گئے۔

بھور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وٹھل دبادے نے بتایا کہ وہاں ارد گرد کچھ بندر تھے اور وہ بظاہر پس منظر میں ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک 500 فٹ گہری کھائی میں جاگرے اور ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے مقامی سہیادری ریسکیو گروپ کی مدد سے لاش کو کھائی سے نکالا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں جھارکھنڈ کے لاتیہار ضلع میں ایک ریلوے پل پر سیلفی لیتے ہوئے تین نوجوان ایک مال گاڑی کی زد میں آ گئے تھے جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ناصر انصاری، فردوس انصاری اور رضوان انصاری گالا ندی کے ریلوے پل پر سیلفیاں لے رہے تھے۔ مال گاڑی کی ٹکر سے ناصر پل کے نیچے گر کر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دیگر دو افراد کو علاج کے لئے لاتیہار کے صدر اسپتال لے جایا گیا۔

a3w
a3w