شمالی بھارت

ہیم چند مانجھی پدم شری ایوارڈ لوٹا دیں گے

روایتی معالج ہیم چند مانجھی نے جو چھتیس گڑھ کے ضلع نارائن پور کے ایک دوردراز موضع سے اپنی نمایاں خدمات کے لئے جانے جاتے ہیں‘ پیر کے دن کہا کہ وہ اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کردیں گے۔

نارائن پور: روایتی معالج ہیم چند مانجھی نے جو چھتیس گڑھ کے ضلع نارائن پور کے ایک دوردراز موضع سے اپنی نمایاں خدمات کے لئے جانے جاتے ہیں‘ پیر کے دن کہا کہ وہ اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کردیں گے۔

انہوں نے نکسلائٹس سے دھمکیاں ملنے کے بعد یہ بات کہی۔ ودیا راج کے نام سے مشہور ہیم چند مانجھی نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی پریکٹس (روایتی طریقہ علاج) بھی ترک کردیں گے۔ 72 سالہ مانجھی کو گزشتہ ماہ پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

نکسلائٹس نے اتوار کے دن ضلع نارائن پور میں 2 زیرتعمیر موبائل ٹاورس کو آگ لگادی‘ بیانر لگائے اور ورقیے چھوڑے جن میں مانجھی کو دھمکی دی گئی۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ پمفلٹس پر مانجھی کی تصویر بھی ہے جس میں انہیں صدرجمہوریہ کے ہاتھوں پدم شری ایوارڈ لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

نکسلائٹس کا الزام ہے کہ مانجھی نے نارائن پور کے چھوٹے ڈونگر علاقہ میں آمدائی گھاٹی آئرن اور پراجکٹ لگانے میں مدد دی اور بھاری رشوت لی۔ مانجھی سابق میں اس الزام کی تردید کرچکے ہیں۔

پیر کے دن پی ٹی آئی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ میں دیہاتیوں سے پہلے ہی واضح کرچکا ہوں کہ لوہے کی کچدھات کی کان سے میرا کوئی لینا دینا نہیں۔

ارکان ِ خاندان سے صلاح و مشورہ کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ پدم شری ایوارڈ لوٹادیا جائے اور روایتی طریقہ ئ علاج (جڑی بوٹی) بھی چھوڑدیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نکسلائٹس میرے بھتیجہ کومل مانجھی کو جھوٹے الزامات لگاکر ہلاک کرچکے ہیں۔ میری فیملی خطرہ کے سائے میں جی رہی ہے۔