تلنگانہ
ٹرینڈنگ

ایودھیا کی رام مندر کا مفت درشن کرانے کا وعدہ: امیت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کے روز وعدہ کیا کہ اگر تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار ملتا ہے تو وہ رام مندر کے درشن کیلئے ایودھیا کا مفت دورہ کرائے گی۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کے روز وعدہ کیا کہ اگر تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار ملتا ہے تو وہ رام مندر کے درشن کیلئے ایودھیا کا مفت دورہ کرائے گی۔

متعلقہ خبریں
امیت شاہ سے ملاقات کی افواہ بے بنیاد: سنجے راوت
رام مندر کے درشن کیلئے پاکستان سے عقیدت مندوں کی آمد
بی جے پی کے جئے سری رام کے نعرہ سے نفرت جھلکتی ہے: گورو گوگوئی
ملک میں 10سال میں مزید 75ہزار میڈیکل نشستیں:امیت شاہ
مودی کے تعلق سے کھرگے کے ریمارکس بھدے نہیں: پون کھیڑا

گدوال میں بی جے پی کی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کو تلنگانہ میں اقتدار پرلائیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اقتدار ملنے کے بعد یہاں کے عوام کو رام مندر میں مفت درشن کرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے رام مندر کی تعمیر میں 70 سال تک تاخیر کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا بلکہ وہ 22 جنوری کو اس مندر کا افتتاح بھی کریں گے۔

انہوں نے ایک بار پھر وعدہ کیا کہ برسراقتدار آنے پر بی جے پی، ایک بی سی قائد کو تلنگانہ کا چیف منسٹر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی جملہ آبادی میں بی سیز کا تناسب52 فیصد ہے اور بی سیز میں 135 برادریاں ہیں۔ اس کے باوجود اب تک کوئی بی سی چیف منسٹر نہیں بن پایا۔

ٹکٹوں کی تقسیم میں کانگریس اور بی آر ایس نے بی سی طبقات کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے سب سے زیادہ بی سی امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے نریند رمودی کی شکل میں ملک کو پہلا بی سی وزیر اعظم دیا ہے۔ مودی حکومت میں بی سی وزراء کی تعداد27 ہے۔

کانگریس اور بی آر ایس کو مخالف بی سیز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی پسماندہ طبقات کی بہبود کو یقینی بنا سکتی ہے۔ شاہ نے مزید کہا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات، ریاست کے آئندہ5 سال کے مستقبل کا تعین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ آیا انہیں ترقی کیلئے ڈبل انجن کی سرکار چاہئے یا کے سی آر کے جھوٹے وعدے چاہئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جھوٹے وعدے کرنے میں کے سی آر نے عالمی ریکارڈ بنالیا ہے۔ امیت شاہ نے تلنگانہ عوام بالخصوص نوجوانوں سے کہا کہ بی آر ایس کو وی آر ایس دینے کا صحیح وقت آچکا ہے۔

انہوں نے بی آر ایس حکومت کو ملک میں سب سے زیادہ کرپٹ حکومت قرار دیا اور انہوں نے بی آر ایس کو بھرا شٹا چار رشوت سمیتی سے تعبیر کیا اور الزام عائد کیا کہ بی آ رایس دور حکومت میں کئی اسکامس ہوئے ہیں ان میں مشن کاکتیہ، اسکام، 4ہزار کروڑ مالیت کامیاں پور لینڈ اسکام،7300 کروڑ کا آوٹر رنگ روڈ اسکام،40ہزار کروڑ کا کالیشورم پروجیکٹ اسکام، شراب اسکام، پولٹری فیڈ اسکام اور مشن بھاگیرتا اسکام شامل ہیں۔

مشن کاکتیہ اسکام 22ہزار کروڑ روپے کا ہے۔ مرکزی وزری داخلہ نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے صرف تلنگانہ کو2.50لاکھ کروڑ روپے دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے تحت مختلف زمروں کے امتحانات کے پرچہ جات16بار افشا ہوئے ہیں۔ تقررات، میں کرپشن سے کئی نوجوانوں نے خودکشی کرلی۔

شاہ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر بی جے پی کو اقتدار ملتا ہے تو ہم 5 برسوں میں شفاف طریقہ سے2.5لاکھ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس، مجلس اور کانگریس میں خاندانی سیاست پر عمل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ان تینوں پارٹیوں کو بالترتیب 2G،3G اور4G پارٹیاں قرار دیا۔