Uncategorized

ایران پر حملوں کے خلاف امریکی شہروں میں احتجاج

ایران پر امریکی حملوں کے خلاف دنیا کے بڑے شہروں میں احتجاج ہونے لگا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران پر امریکی حملوں اور اسرائیل کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں مظاہرے کیے گئے۔

واشنگٹن/ ٹوکیو (یو این آئی) ایران پر امریکی حملوں کے خلاف دنیا کے بڑے شہروں میں احتجاج ہونے لگا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران پر امریکی حملوں اور اسرائیل کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں مظاہرے کیے گئے۔

فرانس، پاکستان، یونان، ٹورنٹو، ٹوکیو، سیول، نیویارک اور لاس اینجلس سمیت واشنگٹن میں بھی ریالیاں نکالی گئیں، جہاں عوام نے نتن یاہو کے خلاف شدید احتجاج کیا۔دنیا بھر کے مختلف شہروں میں جنگ نہیں، امن چاہئے کے نعرے بلند کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

امریکی شہروں نیو یارک اور لاس اینجلس میں ایران پر امریکی حملے کے خلاف احتجاج کیا گیا، اور“ٹرمپ اِز ا وار کریمنل”“اسٹاپ دا وار اِن ایران”کے فلک شگاف نعروں سے نیویارک کی فضائیں گونج اٹھیں۔ نیویارک میں جنگ مخالف یہودیوں نے بھی احتجاج کیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھائی۔

جاپان کے شہر ٹوکیو میں بھی ایران پر امریکی حملوں کے خلاف ایک بڑی ریالی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور جنگ کی مذمت کی۔ جنوبی کوریا کے شہر سیول میں بھی عوام سڑکوں پر نکلے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔”ٹرمپ ٹیررسٹ“ کے پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے سیول میں امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ جنگ کا خاتمہ کیا جائے اور امن قائم کیا جائے۔

تل ابیب میں بھی اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا، جہاں عوام نے اسرائیلی حکومت کے خلاف اپنی آواز بلند کی، ایران پر امریکی حملے کے خلاف بھارت میں بھی احتجاج کیا گیا، کولکتہ میں مظاہرین نے امریکی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے اور امریکی صدر ٹرمپ کا پتلا بھی نذر آتش کر دیا۔