کانگریس ورکنگ کمیٹی کی خصوصی میٹنگ، سانحہ پر گہرے صدمہ اور مذمت کااظہار
جموں و کشمیر کے پہلگام میں شرمناک دہشت گرد حملہ پر گہرے صدمہ اور مذمت کااظہار کرتے ہوئے کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) نے آج اپنی قرار داد میں کہا کہ انٹلیجنس ناکامی اور سیکورٹی کوتاہیوں کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے جس کے نتیجہ میں یہ حملہ ہوا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) جموں و کشمیر کے پہلگام میں شرمناک دہشت گرد حملہ پر گہرے صدمہ اور مذمت کااظہار کرتے ہوئے کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) نے آج اپنی قرار داد میں کہا کہ انٹلیجنس ناکامی اور سیکورٹی کوتاہیوں کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے جس کے نتیجہ میں یہ حملہ ہوا۔
سی ڈبلیو سی کا آج اجلاس منعقد ہوا۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اپنی قرار داد میں کہا کہ پہلگام ایک ایسا علاقہ ہے جہاں بہت زیادہ نگرانی کی جاتی ہے۔ تین مراحل پر مشتمل سیکورٹی انتظامات کے ذریعہ اسے محفوظ بنایا گیا ہے۔ انٹلیجنس کی ناکامیوں اور سیکورٹی کوتاہیوں کا جامع تجزیہ کرنا ضروری ہے جن کے نتیجہ میں مرکزی زیرانتظام علاقہ میں یہ حملہ ہوا براہ راست مرکزی وزارت داخلہ کے دائرہ اختیار میں ہے۔
وسیع تر مفاد میں یہ سوالات اٹھائے جانے چاہئے۔ یہی واحد طریقہ ہے جس کے ذریعہ ان خاندانوں سے انصاف کیا جاسکتا ہے جو بری طرح تباہ ہوئے ہیں۔ سی ڈبلیو سی نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں نے خاص طور پر ہندؤں کو نشانہ بنایا تاکہ ملک میں جذبات بھڑکائے جاسکیں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اپنی قرار داد میں کہا کہ ملک میں جذبات بھڑکانے کے لئے جان بوجھ کر ہندوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس شدید اشتعال انگیزی کے پیش نظر ہم امن و امان کی اپیل کرتے ہیں اور نامساعد حالات کے پیش نظر اپنی اجتماعی طاقت کا اعادہ کرتے ہیں۔ سی ڈبلیو سی نے اس حملہ کے لئے پاکستان کو موردِالزام ٹھہرا اور کہا کہ پاکستان نے اس کی سازش رچی۔ یہ بزدلانہ اور سونچا سمجھا دہشت گردانہ حملہ ہمارے جمہوریہ کے اقدار پر برائے راست حملہ ہے۔
سی ڈبلیو سی پرامن رہنے کی اپیل کرتی ہے اور انڈین نیشنل کانگریس کے اس دیرینہ عزم کی دوبارہ توثیق کرتی ہے کہ پورے عزم اور اتحاد کے ساتھ سرحدپار دہشت گردی کا مقابلہ کیا جائے گا۔ سی ڈبلیو سی نے مقامی خچر مالکین اور اور ٹورسٹ گائیڈس کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن میں سے ایک شہید ہوا ہے جو سیاحوں کو بچانے کی کوشش کررہا تھا۔ پارٹی نے کہا کہ یہ ایک بے لوث عمل ہے جو ہندوستان کے پائیدار جذبہ کی عکاسی کرتا ہے۔
سی ڈبلیو سی نے آنے والی امرناتھ یاترا کے بارے میں بھی اندیشوں کااظہار کیا جس میں ملک بھر سے لاکھوں یاتری شرکت کرتے ہیں۔ اس نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ جامع، شفاف اور ذی شعور سیکورٹی اقدامات کرے تاکہ یاتریوں اور سیاحوں پر منحصر مقامی آبادی کا تحفظ کیا جاسکے۔
جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتوں اور مہذب سماج کی جانب سے قتل عام کی بڑے پیمانے پر مذمت کو تسلیم کرتے ہوئے کانگریس نے بی جے پی پر تنقید کی کہ وہ جان بوجھ کر پھوٹ ڈالنے اس المیہ کا استعمال کررہی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ یہ چیز انتہائی پریشان کن ہے کہ بی جے پی اپنے سرکاری اور بالواسطہ سوشل میڈیا ہینڈلس کے ذریعہ اس قومی المیہ کا استحصال کررہی ہے تاکہ تقسیم اور نئی صف بندی کے بیج بوئے جاسکیں۔