جامعہ ملیہ کیمپس میں طلبا گروپس میں جھڑپ (ویڈیو)
جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کیمپس میں منگل کی رات دیوالی منانے کے مسئلہ پر طلبا کے 2 گروپس میں جھڑپ ہوگئی۔ رنگولی منانے کے دوران 2 گروپس میں جھگڑا ہوا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کیمپس میں منگل کی رات دیوالی منانے کے مسئلہ پر طلبا کے 2 گروپس میں جھڑپ ہوگئی۔ رنگولی منانے کے دوران 2 گروپس میں جھگڑا ہوا۔
یونیورسٹی کے باہر پولیس تعینات کردی گئی لیکن کالج انتظامیہ یا کسی طالب ِ علم کی طرف سے کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ صورتِ حال پر قابو پالیا گیا لیکن اس نے جھگڑے کی وجہ نہیں بتائی۔
سوشل میڈیا پر واقعہ کا ویڈیو وائرل ہوا جس میں کیمپس کے اندر مچی افراتفری دیکھی جاسکتی ہے۔ ایک گروپ کو نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ بی جے پی کی طلبا تنظیم اکھل بھارتیہ ودیادرتھی پریشد (اے بی وی پی) جامعہ کیمپس میں ہر سال دیوالی مناتی ہے۔
بعض اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک گروپ نے رنگولی کو جوتوں سے مٹادیا جس پر جھگڑا ہوا۔ اے بی وی پی نے خاطی طلبا کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر کالج انتظامیہ کی مذمت کی اور دہلی پولیس سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ منگل کی شام جامعہ کیمپس میں دیپ اُتسو (دیئے جانے کا پروگرام) کے دوران طلبا بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگارہے تھے۔
رات 8بجے کے آس پاس باہر کے لوگوں نے دیئے بجھادیئے اور رنگولی کو جوتوں سے روندا۔ اے بی وی پی کے ہندی میں جاری بیان میں یہ بات کہی گئی۔ اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) نے بھی بیان جاری کرکے دعویٰ کیا کہ یہ یونیورسٹی طلبا پر باہر کے لوگوں کا حملہ تھا جنہیں اڈمنسٹریشن نے بلایا تھا۔
اے بی وی پی اور اس کے مقامی غنڈوں کی ٹولی نے فرقہ وارانہ نعرے لگائے۔ یونیورسٹی طلبا نے جب اس پر اعتراض کیا تو باہر کے لوگوں نے تشدد برپا کردیا۔ پولیس نے مداخلت کی۔ لاٹھی چارج میں طلبا زخمی ہوئے۔ اصل خاطیوں کو بچایا جارہا ہے۔ جامعہ میں اس قسم کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ قبل ازیں ہولی کے موقع پر بھی ایسی ہی جھڑپیں ہوئی تھیں۔