تعلیم و روزگار

تلنگانہ: سرور نگر گورنمنٹ جونیئر کالج کے طلبہ کا احتجاج

طلباء نے مطالبہ کیا کہ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور کمشنر محکمہ تعلیم ا ن کے مسائل کو حل کریں۔ طلبہ نے اپنے مطالبات کی حمایت میں پلے کارڈس کے ساتھ نعرے بازی کی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں واقع سرور نگر گورنمنٹ جونیئر کالج کے طلبہ نے اپنے دیرینہ مطالبات کی تکمیل پر زوردیتے ہوئے کالج کی عمارت کے سامنے احتجاج کیا۔

اس احتجاج کی حمایت مہیشورم حلقہ کے سینئر کانگریس پارٹی لیڈران دیپا بھاسکر ریڈی، مال ریڈی رام ریڈی، رنگاریڈی ضلع صدر سی نرسمہا ریڈی نے کی۔

طلباء نے مطالبہ کیا کہ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور کمشنر محکمہ تعلیم ا ن کے مسائل کو حل کریں۔ طلبہ نے اپنے مطالبات کی حمایت میں پلے کارڈس کے ساتھ نعرے بازی کی۔

ان پلے کارڈس پر ان کے مستقبل سے کھلواڑنہ کرنے اوردیگر نعرے درج تھے۔ اس احتجاج کے نتیجہ میں کچھ دیر کیلئے کشیدگی پھیل گئی۔

اس موقع پر بھاسکر ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تعلیمی نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔کانگریس پارٹی کے لیڈروں نے مطالبہ کیا کہ اگر مسائل حل نہیں ہوتے ہیں تو وزیر سبیتا اندرا ریڈی کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ جونیر کالج میں بیت الخلااور کمپاونڈ وال کی کمی ہے۔اس سلسلہ میں کئی مرتبہ وزیرتعلیم اورمحکمہ تعلیمات سے نمائندگی کرتے ہوئے کالج میں طلبہ کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے پرزوردیاگیا تاہم اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ وزیرتعلیم، ریاست بھر کے تعلیمی اداروں کے نہیں بلکہ صرف ان کے حلقہ کے ہی تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے کے موقف میں نظرنہیں آرہی ہیں۔

انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر پیرتک کالج میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے کام شروع نہیں کئے گئے تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔