حیدرآباد

حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ کے جشنِ عرس شریف کے سلسلہ میں کتاب “ذوقِ عرفان” کی رسمِ اجراء

یہ روحانی و ادبی تقریب درگاہ حضرت سید نعیم الدین المعروف نعمت اللہ شاہ چشتیؒ، جمالی دروازہ، ہاتھیان کا جھاڑ، قلعہ گولکنڈہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی سرپرستی و مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے درگاہ خواجہ غریب نوازؒ اجمیر شریف کے گدی نشین حضرت صاحبزادہ میاں سید فضل علی معینی چشتی مدظلہ العالی شریک ہوئے۔

حیدرآباد: کعبۂ دکن حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ کے جشنِ عرس شریف کے موقع پر کتاب ’’ذوقِ عرفان‘‘ کی پُروقار رسمِ اجراء قلعہ گولکنڈہ میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کی ممتاز روحانی و علمی شخصیات، سجادگانِ عظام، مشائخِ کرام، علماء اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ روحانی و ادبی تقریب درگاہ حضرت سید نعیم الدین المعروف نعمت اللہ شاہ چشتیؒ، جمالی دروازہ، ہاتھیان کا جھاڑ، قلعہ گولکنڈہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی سرپرستی و مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے درگاہ خواجہ غریب نوازؒ اجمیر شریف کے گدی نشین حضرت صاحبزادہ میاں سید فضل علی معینی چشتی مدظلہ العالی شریک ہوئے۔

کتاب ’’ذوقِ عرفان‘‘ کے مصنف و مدیر سید شاہ جعفر محی الدین حسینی رضوی قادری شرفی ہیں، جن کی علمی، ادبی اور روحانی خدمات کو مختلف علمی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

تقریب میں حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد الحسینی چشتی قادری نقشبندی سہروردی المعروف رحمت بابا صاحب قبلہ، اسد العلماء حضرت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری نقشبندی قادری مجددی چشتی، حضرت مولانا صوفی عبداللہ بن سالم بایمین چشتی قادری، حضرت مولانا سید شاہ عبدالوہاب حسینی چشتی قادری، حضرت مولانا صوفی محمد نظام الدین صابری بندہ نوازی چشتی قادری شاہ ولی اللہی رفاعی اور حضرت مولانا محمد برکت علی عمران خان قادری چشتی سمیت کئی ممتاز مشائخِ عظام نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ کی علمی، روحانی اور اصلاحی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات محبت، رواداری، اخوت اور انسانیت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے ’’ذوقِ عرفان‘‘ کو تصوف، معرفت اور روحانی افکار کے فروغ میں اہم اضافہ قرار دیا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض حیدر احمد رضوی نظامی معینی چشتی نے انجام دیے۔ محفل کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔