حیدرآباد

نبی اکرمؐ جمال،کمال ، نوال و احسان کے پیکر؛ جلسہ یوم رحمۃٌ للعالمین میں مولانا محمد حبیب الرحمٰن حسامیؔ کا خطاب

مولانا حسامیؔ نے کہا کہ حضور ﷺ امن کا پیغام لے کر آئے اور اپنی ساری حیاتِ مبارکہ میں امن کا پیغام پھیلایا۔ آپ کی ساری تعلیمات امن و سکون پر مبنی ہیں اور آپ کا شہر مدینہ منورہ بھی امن و سکون کا گہوارہ تھا۔

حیدرآباد: مولانا محمد حبیب الرحمٰن حسامیؔ، ناظم جامعہ عربیہ ارشاد العلوم، سلیمان نگر، نے مسجدِ نور، نورکالونی، سلیمان نگر میں 12 ربیع الاول 1446 ہجری کو منعقدہ جلسہ یوم رحمۃٌ للعالمین میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عالمی سطح پر، خاص طور پر ہندوستان میں، لوگوں کو یہ پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے کہ نبی اکرم ﷺ کی آمد اور بعثت ساری انسانیت اور تمام مخلوق کے لئے رحمت و برکت ہے۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد: اردو گھر میں ٹی ایس ٹی یو کے زیر اہتمام تقریری مقابلے
17 / ستمبر کے دن سیاسی جلسوں پر پابندی: تلنگانہ گورنمنٹ
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے 1500 برس مکمل، تنظیم فوکس حیدرآباد کی جانب سے تحریری مقابلے کا اعلان
میلاد النبی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی برکتیں: مولانا سید صغیر احمد نقشبندی قادری
ختم نبوت پر ایمان کا عملی تقاضہ اور ہندوستانی مسلمان: صاحبزادہ الحاج ذبیح اللہ حسینی کا بیان

مولانا حسامیؔ نے کہا کہ حضور ﷺ امن کا پیغام لے کر آئے اور اپنی ساری حیاتِ مبارکہ میں امن کا پیغام پھیلایا۔ آپ کی ساری تعلیمات امن و سکون پر مبنی ہیں اور آپ کا شہر مدینہ منورہ بھی امن و سکون کا گہوارہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں محبت کی بنیادی وجوہات جمال، کمال، اور نوال و احسان ہیں، اور یہ تینوں صفات بدرجہ اتم نبی اکرم ﷺ میں موجود ہیں، اس لئے آپ سے سچی محبت ہر اعتبار سے لازم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محبتِ رسول، عظمتِ رسول، اور اطاعتِ رسول ہر مسلمان کے لئے شفاعت کا ذریعہ ہیں۔ نبی اکرم ﷺ کی بعثت انسانیت پر عظیم احسان ہے، کیونکہ آپ ﷺ نے بے دینوں کو دین دیا، نادانوں کو دانائی سکھائی، اور داغدار دلوں کو صاف کیا۔ مولانا حسامیؔ نے اس بات پر زور دیا کہ حبِ رسول اور اطاعتِ رسول کا لازمی عنصر اتباعِ سنت ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جو میری سنت سے محبت کرتا ہے، وہ مجھ سے محبت کرنے والا ہے، اور جو مجھ سے محبت کرتا ہے، وہ میرے ساتھ جنت میں ہوگا۔

جلسے کے دوران، مولوی محمد حسیب الرحمٰن مظاہری، محمد منیب الرحمٰن، محمد راشد، اور محمد ماہتاب نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ محمد منیب الرحمٰن قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ حافظ محمد عامر اور محمد ثاقب الرحمٰن نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مولانا حسامیؔ کی دعا پر یہ باوقار مجلس اختتام کو پہنچی۔