ہوٹل میں اے سی کے اندر خفیہ کیمرا؟ سیکورٹی اور پرائیویسی پر سوالات (ویڈیو)
سوشل میڈیا پر ایک چونکا دینے والی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ دہلی کے پہاڑ گنج علاقہ کے ایک ہوٹل کے کمرے میں ونڈو اے سی (Window AC) کے اندر ایک خفیہ کیمرا نصب ہے۔ یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے اور لاکھوں افراد اسے دیکھ چکے ہیں، جس کے بعد ہوٹلوں میں مہمانوں کی پرائیویسی اور سکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

نئی دہلی: سوشل میڈیا پر ایک چونکا دینے والی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ دہلی کے پہاڑ گنج علاقہ کے ایک ہوٹل کے کمرے میں ونڈو اے سی (Window AC) کے اندر ایک خفیہ کیمرا نصب ہے۔ یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے اور لاکھوں افراد اسے دیکھ چکے ہیں، جس کے بعد ہوٹلوں میں مہمانوں کی پرائیویسی اور سکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
اے سی کے اندر کیمرا؟ ویڈیو میں کیا دکھایا گیا
یہ ویڈیو انسٹاگرام پر @tauheedking168 نامی صارف نے شیئر کی ہے، جسے اب تک 34 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جاچکا ہے اور 37 ہزار سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص ہوٹل کے کمرے میں داخل ہوتا ہے اور بتاتا ہے کہ وہ کسی بھی ہوٹل میں قیام کرنے سے پہلے مختلف چیزوں کی جانچ کرتا ہے، جیسے آئینہ، بلب ہولڈر، وغیرہ۔ پھر وہ ونڈو اے سی کے قریب جاتا ہے اور اے سی کے کولنگ میٹر کے پاس ایک چھوٹے سے آلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دعویٰ کرتا ہے کہ یہ ایک خفیہ کیمرا ہے۔
صارفین کی رائے منقسم: کیمرا یا اے سی کا سینسر؟
ویڈیو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی رائے دو حصوں میں بٹ گئی ہے۔
کچھ لوگوں نے اس معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے ہوٹل انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ کچھ صارفین نے ویڈیو کو فرضی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں جو چیز دکھائی گئی ہے وہ دراصل اے سی کا ریموٹ سینسر ہے، نہ کہ کوئی خفیہ کیمرا۔
ایک صارف نے لکھا: "یہ کیمرا نہیں، بلکہ اے سی کا ریموٹ سینسر ہے، لوگوں کو بلاوجہ خوفزدہ نہ کریں۔”
ایک اور صارف نے سوال اٹھایا: "اگر واقعی کیمرا تھا تو پولیس کو اطلاع کیوں نہیں دی گئی؟”
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی ہوٹل روم میں خفیہ کیمرے ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہو۔ اس سے پہلے بھی مختلف شہروں سے ایسی خبریں سامنے آتی رہی ہیں، لیکن اس بار حیرانی کی بات یہ ہے کہ کیمرے کی مبینہ جگہ اے سی کا اندرونی حصہ بتایا جا رہا ہے، جو عام طور پر چیک نہیں کیا جاتا۔
سیکیورٹی اور پرائیویسی پر سوالات
یہ ویڈیو اصلی ہو یا نہ ہو، لیکن اس نے ایک بار پھر ہوٹل انڈسٹری کی سیکیورٹی اور مہمانوں کی پرائیویسی کے حوالے سے بحث چھیڑ دی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ہوٹل میں قیام کے دوران مہمانوں کو خود بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور مشکوک اشیاء یا سرگرمیوں کی اطلاع فوراً متعلقہ اتھارٹیز کو دینی چاہیے۔