مدھیہ پردیش میں بندوقیں دھوتے ہوئے خاتون کا ویڈیو وائرل۔ پولیس نے غیرقانونی اسلحہ فیاکٹری کو بے نقاب کردیا
ایک خاتون کے غیرمعمولی ویڈیو نے جس میں اسے تندہی سے بندوقوں کی صفائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے، مدھیہ پردیش پولیس کو ایک غیرقانونی اسلحہ فیاکٹری تک پہنچا دیا۔
بھوپال: ایک خاتون کے غیرمعمولی ویڈیو نے جس میں اسے تندہی سے بندوقوں کی صفائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے، مدھیہ پردیش پولیس کو ایک غیرقانونی اسلحہ فیاکٹری تک پہنچا دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں اِس خاتون کو پستولوں کو پانی سے دھونے سے پہلے برش سے رگڑتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس نے سائبرٹیم کی مدد سے اس مقام کا پتا چلایا جہاں یہ ویڈیو فلمایا گیا تھا۔
یہ مہوا پولیس اسٹیشن کے تحت گنیش پورہ گاؤں کا ویڈیو تھا۔ اس ویڈیو میں ایک شخص کو یہ ہدایت دیتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے کہ ہتھیار کو پالش کرنے کے لئے خاتون کو چاہئے کہ وہ صابن کو پانی میں اچھی طرح حل کردے۔
ویڈیو کی تصدیق کرنے کے لئے پولیس غیرقانونی ہتھیاروں کے چھوٹے کارخانہ تک پہنچی۔ بہرحال جب تک وہ اس مقام پر پہنچتی، غیرقانونی ہتھیار تیار کرنے والے شکتی کپور عرف چھوٹو کو اطلاع مل چکی تھی، اُس نے اپنا پورا سامان ایک تھیلے میں بھرلیا اور ایک ٹووہیلر پر اپنے باپ کے ساتھ فرار ہوگیا۔ لیکن قسمت میں کچھ اور تھا۔
راستہ میں پولیس نے شکتی اور اس کے باپ بہاری لال کو پکڑ لیا جو اس کی تلاش میں تھی۔ ان دونوں نے بھاگنے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں زخمی ہوگئے۔ تھیلا کھولنے پر پولیس کو غیرقانونی ہتھیار وں کی تیاری کے متعدد آلات دستیاب ہوئے۔
انہوں نے 315 بور کی ایک ڈبل بیارل بندوق، 315 بور کا ایک پستول اور 12 بور کا ایک پستول بھی برآمد کیا۔ پولیس دونوں ملزمین سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ اُس کا ماننا ہے کہ شکتی کپور کو ہی اس ویڈیو میں خاتون کو ہدایات دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔