صدر بازار عیدگاہ کمیٹی پر وشوا ہندو پریشد کی تنقید
وشواہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ترجمان ونود بنسل نے جمعہ کے دن صدربازار عیدگاہ کمیٹی پر تنقید کی کہ اس نے شاہی عیدگاہ دہلی کے قریب ایک پارک پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کیا ہے۔
نئی دہلی: وشواہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ترجمان ونود بنسل نے جمعہ کے دن صدربازار عیدگاہ کمیٹی پر تنقید کی کہ اس نے شاہی عیدگاہ دہلی کے قریب ایک پارک پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کیا ہے۔
ونود بنسل نے آئی اے این ایس سے کہا کہ زورزبردستی سے زمین چھین لینے کی ذہنیت مغلوں اور انگریزوں کے دور سے رہی ہے۔ اب یہ لوگ آزاد ملک میں اسے جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ اس ایجنڈہ کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ زمین دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ڈی ڈی اے) کی ہے تاہم وقف بورڈ مداخلت کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی اے زمین کی مالک ہے جبکہ وقف بورڈ اسے اپنی بتارہا ہے۔ مثال کے طورپر رانی لکشمی بائی روڈ پر ٹریفک میں آسانی کے لئے فلائی اوور کا منصوبہ ہے۔
مجسمہ کو وہاں سے ہٹایا گیا۔ وہ زمین ڈی ڈی اے کی ہے۔ اب وقف بورڈ نے اچانک دعویٰ کردیا ہے کہ اراضی اس کی ہے۔ وہاں ایک مسجد کی موجودگی ساری جگہ کو اس کی جائیداد کیسے بناتی ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے ایسے دعوے کرنے والوں کی سرزنش کی ہے لیکن انہیں اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ وقف بورڈ ترمیمی بل ضروری ہے۔ ترقی روکنے کا ایجنڈہ جاری رکھنے نہیں دیا جاسکتا۔ ونود بنسل نے کہا کہ فریق ِ ثانی کا ٹکراؤ ملک کی آزادی میں حصہ لینے والی رانی لکشمی بائی سے ہے۔ فریق ِ ثانی کو شرم آنی چاہئے۔