اسٹاف کو نوٹس جاری کرنے پر کمشنر بلدیہ بیلم پلی معطل
ریاستی وزیر بلدی نظم نسق و شہری ترقیات کے ٹی آر نے جمعہ کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے انہوں نے محکمہ کے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ اسٹاف کو نوٹسیں جاری کرنے پر میونسپل کمشنر بیلم پلی گنگا دھر کو معطل کردیں۔
حیدرآباد: مجلس بلدیہ بیلم پلی کے کمشنر جنہوں نے ریاستی وزیر بلدی نظم نسق و شہری ترقیات کے ٹی آر کی 24 جولائی کو منعقدہ سالگرہ تقریب میں شرکت نہ کرنے پر چند بلدی ملازمین کو میمو جاری کیا تھا، کو خدمات سے معطل کردیا گیا۔
اپنے ساتھی ملازمین کے خلاف کاروائی پر کمشنر کو معطل کردیا گیا۔ جمعہ کی شب جاری کردہ احکام میں بتایا گیا ہے کہ بیلم پلی بلدیہ کے کمشنر جی گنگا دھر نے کے ٹی آر کی سالگرہ تقریب میں شرکت نہ کرنے پر اسٹاف کو میمو جاری کیاتھا جبکہ ارباب مجاز سے انہیں ایسا کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا گیا تھا۔
انہوں نے اپنی طرف سے اور جوش میں اسٹاف کو میموجاری کیا تھا۔ ان حالات میں کیس اور حقائق کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد میونسپل کمشنر بیلم پلی جی گنگا دھر کو انکوائری تک خدمات سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈائرکٹر میونسپل ایڈ منسٹریٹر این ستیہ نارائنہ نے اپنے احکام میں یہ بات کہی۔