انٹیگریٹیڈٹوئن ٹاورس آفس کامپلکس کی تعمیر کا منصوبہ
ڈاکٹربی آر امبیڈکرتلنگانہ سکریٹریٹ کے افتتاح اوراسے کارکردہونے کے ایک ماہ بعد چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤنے نئے سکریٹریٹ کے قریب تمام سرکاری محکموں کے صدور دفاتر کے لئے انٹیگریٹیڈٹوئن ٹاورس (جڑواں ٹاورس) آفس کا مپلکس کی تعمیرکے اپنے منصوبوں کااعلان کیا۔
حیدرآباد: ڈاکٹربی آر امبیڈکرتلنگانہ سکریٹریٹ کے افتتاح اوراسے کارکردہونے کے ایک ماہ بعد چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤنے نئے سکریٹریٹ کے قریب تمام سرکاری محکموں کے صدور دفاتر کے لئے انٹیگریٹیڈٹوئن ٹاورس (جڑواں ٹاورس) آفس کا مپلکس کی تعمیرکے اپنے منصوبوں کااعلان کیا۔
ان ٹوئن ٹاور کامپلکس میں تمام محکموں کے صدور دفتر ایک ہی مقام یا ایک چھت تلے رہیں گے جو سکریٹریٹ میں متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو آسانی کے ساتھ رسائی کویقینی بنائے گی۔ کے سی آر نے پیر کے روز سکریٹریٹ میں اپنے چیمبرمیں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں میں کام کرنے والے ملازمین‘ ان کی تعداد‘ان کے دفاتر کودرکار جگہ کی ضرورت اور دیگر تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے سکریٹریٹ کے قریب مجوزہ ٹوئن ٹاورس آفس کامپلکس کی تعمیر کے لئے دستیاب اراضی پر بھی تبادلہ خیال کیااورکہاکہ بہت جلد وہ اس منصوبہ پرحتمی فیصلہ لیں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ مقام کوقطعیت دینے کے بعد ٹوئن ٹاورکامپلکس کے تعمیری کام شروع کئے جائیں گے۔
کے چندرشیکھرراؤنے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے سرکوفخر سے بلند کرنے کے لئے ہی نئے سکریٹریٹ کی عالیشان عمارت تعمیر کی گئی ہے اورکہاکہ نئے سکریٹریٹ میں ملازمین اوراسٹاف خوشگوار ماحول میں اپنے فرائض انجام دے ر ہے ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت روایتی آبائی پیشہ سے وابستہ برادریوں کی مدد کے لئے پابند عہد ہے۔ حکومت‘دھوبیوں‘نائی‘برہمن‘پوسالہ اوردیگر برادریوں کوجوروایتی آبائی پیشوں سے وابستہ ہیں مالی امداد فراہم کرے گی۔ ریاستی حکومت نے پہلے ہی ان برادریوں کوفی کس ایک لاکھ روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیاہے۔
کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے صدرنشین و ریاستی وزیر بہبود پسماندہ طبقات جی کملاکر نے کہاکہ مرحلہ وار اساس پران برادریوں کو امداد دی جائے گی۔ اس دوران چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤنے عہدیداروں کو بعجلت ممکنہ طریقہ کار کوقطعیت دینے کی ہدایت دی اور کہاکہ اس اسکیم کو یوم بہبود کے موقع پر متعارف کرانا چاہئے جو2جون سے شروع ہونے والی تاسیس تلنگانہ دہائی تقاریب کے دوران منایا جائے گا۔
کے سی آر نے ایک بار پھر عہدیداروں کوتشکیل تلنگانہ کی 21روزہ تقاریب کوتزک واحتشام کے ساتھ بڑے پیمانے پر منانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ تقاریب کے انتظامات اورتیاریوں کاجائزہ لیا۔
جائزہ اجلاس کے بعد چیف منسٹرکے چندر شیکھرراؤ نے عہدیداروں کے ہمراہ ٹینک بنڈکے قریب شہیدان تلنگانہ کی یادگار کے تعمیری کاموں اور اس میں پیشرفت کامعائنہ کیا۔ انہوں نے حکام کویادگارشہیدان کے سامنے تلگوتلی کامجسمہ نصب کرنے کا مشورہ دیا۔