کھیل

ایڈم زمپا، تاج محل کی خوبصورتی سے بیحد متاثر

آسٹریلیائی اسپنر ایڈم زمپا پیر کی صبح آگرہ پہنچ گئے۔ ایڈم زمپا نے آگرہ میں تاج محل کا دورہ کیا۔ اس دوران ایڈم زمپا کے ہمراہ ان کے ارکان خاندان بھی موجود تھے۔

آگرہ: آسٹریلیائی اسپنر ایڈم زمپا پیر کی صبح آگرہ پہنچ گئے۔ ایڈم زمپا نے آگرہ میں تاج محل کا دورہ کیا۔ اس دوران ایڈم زمپا کے ہمراہ ان کے ارکان خاندان بھی موجود تھے۔

تاج محل کو دیکھنے کے بعد ایڈم زمپا نے کہاکہ اس وقت اتنی خوبصورت عمارت بغیر مشینوں کے کیسے بن سکتی تھی، یہ ناقابل یقین ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر آج ممتاز یا اس کے خاندان کے افراد زندہ ہوتے تو وہ اس سرپرائز پر بہت خوش ہوتے۔ ایڈم زمپا نے اپنی اہلیہ، ماں اور بیٹے کے ساتھ آگرہ میں تاج محل کا دورہ کیا۔ وہ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجکر 45 منٹ پر آگرہ پہنچے۔ تاہم ایڈم زمپا مرکزی مقبرے پر لمبی لائن کی وجہ سے اوپر نہیں جاسکے۔

اس لیے انہوں نے چمیلی کے فرش سے ہی خوبصورت عمارت کو دیکھا۔ اس دوران ایڈم زمپا گائیڈ سے بات کرنے میں بہت پرجوش نظر آئے۔ ایڈم زمپا نے کہاکہ آسٹریلیا ہمیشہ ٹاپ پر ہوتاہے لیکن اس بار ہندوستانی وکٹیں کچھ مختلف ہیں۔ ایڈم زمپا نے کہاکہ ٹیم انڈیا اس ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

روہت شرما اور ویراٹ کوہلی جیسے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کو ہرانا آسان نہیں ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کا آئندہ مقابلہ چہارشنبہ کو نیدرلینڈز سے نئی دہلی کے فیروزشاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔