بھارت جوڑویاتراکیلئے زبردستی چندہ وصولی، کیرالا میں 3کانگریسی ورکرس معطل
پارٹی نے اس واقعہ کوناقابل قبول قراردیاہے اوراس معاملہ میں ملوث تین پارٹی کارکنوں کومعطل کردیاگیاہے۔ کیرالا کانگریس کے صدرکے سدھاکرن نے ٹوئٹ کیاکہ یہ لوگ ہمارے نظریات کی نمائندگی نہیں کرتے اوران کا رویہ ناقابل معافی ہے۔

کولم(کیرالا): بھارت جوڑویاتراکے آغاز کے8دن بعد کانگریس کومبینہ غنڈہ گردی پرتنقید کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔کیرالاکے کولم میں چند ویڈیوز منظرعام پر آئے ہیں جن میں بعض افراد کویاتراکیلئے چندہ حاصل کرنے ایک سبزی فروش کو دھمکیاں دیتے ہوئے اورکافی رقم نہ دینے پر اس کی دکان میں توڑپھوڑکرتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے۔
پارٹی نے اس واقعہ کوناقابل قبول قراردیاہے اوراس معاملہ میں ملوث تین پارٹی کارکنوں کومعطل کردیاگیاہے۔ کیرالا کانگریس کے صدرکے سدھاکرن نے ٹوئٹ کیاکہ یہ لوگ ہمارے نظریات کی نمائندگی نہیں کرتے اوران کا رویہ ناقابل معافی ہے۔اس ویڈیومیں چند افراد کو سبزی فروشوں کے ساتھ بحث و تکرار کرتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے۔
چند کے ہاتھوں میں بھارت جوڑو یاترا کے پوسٹرس بھی ہیں۔ انہوں نے مبینہ طورپر ایک دکان مالک کوہلاک کرنے کی دھمکی دی اوردکان میں موجود ورکرس پرحملہ کردیا۔ ایک شخص کو ترکاریاں پھینکتے ہوئے اوردکان میں گڑبڑ کرتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔
چندہ کا مطالبہ کرتے ہوئے مبینہ طورپر دوہزارروپے کامطالبہ کیاتھا لیکن دکاندار صرف500روپے دے سکا۔ چندہ اکٹھا کرنے والوں نے دھمکی دی اورکہاکہ 2000روپے دیئے بغیر کوئی زندہ نہیں بچے گا۔
یہ گروپ5افراد پرمشتمل تھاجن میں یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سکریٹری ایچ انیس خان بھی شامل تھے۔ دکاندار ایس فواد نے کنی کوڈپولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔