شمالی بھارت

بہار کے اردو اسکولوں میں جمعہ کو تعطیل کی مخالفت

بہار میں این ڈی اے میں نظریاتی اختلافات پھر سامنے آگئے ہیں۔ بی جے پی کے بعض قائدین نے مسلم اکثریتی اضلاع میں اردو میڈیم اسکول جمعہ کو بند اور اتوار کو کھلے رہنے پر اعتراض کیا ہے۔

پٹنہ: بہار میں این ڈی اے میں نظریاتی اختلافات پھر سامنے آگئے ہیں۔ بی جے پی کے بعض قائدین نے مسلم اکثریتی اضلاع میں اردو میڈیم اسکول جمعہ کو بند اور اتوار کو کھلے رہنے پر اعتراض کیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے عہدیدار اس مسئلہ پر خاموش ہیں‘ تاہم محکمہ کے ذرائع نے شناخت ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ یہ تنازعہ نیشنل کمیشن فارپروٹیکشن آف چائلڈرائٹس کی طرف سے بہار اور جھارکھنڈ کی حکومتوں کو حال میں جاری نوٹس کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔

کمیشن نے جانناچاہا کہ آیا‘ اس تعلق سے کوئی سرکاری مراسلت موجود ہے۔ مقامی سطح کے کئی بی جے پی قائدین نے مذہب کو تعلیم سے جوڑنے پر اعتراض کیا۔ جمعہ مسلمانوں کے نزدیک مقدس دن ہے اور اس دن پورے جوش وخروش سے نمازجمعہ ادا کی جاتی ہے۔

چیف منسٹر نتیش کمار کی جنتادل یو بی جے پی پر برہم ہے۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے جو زائداز15 سال سے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرکے ریاست میں برسرِ اقتدار ہیں اتفاق سے تعلیم کا قلمدان اپنے پاس رکھا ہے۔ جنتادل یو پارلیمانی بورڈ کے صدر اوپیندرکشواہا نے کہا کہ ہم سیاستداں ہر مسئلہ پر طوفان برپاکردیتے ہیں۔

لوگوں کویہ ذہن میں رکھناچاہئیے کہ سنسکرت مہاودیالیوں میں ہندو کیلنڈر کے مطابق ہر ماہ پرتی پاڑہ اور اشٹمی کی تاریخوں میں چھٹی ہوتی ہے۔ سابق چیف منسٹر جیتن رام مانجھی کی ہندوستانی عوام مورچہ نے جو جنتادل یو کی بی ٹیم کہلاتی ہے، اس مسئلہ پر پارٹی کا ساتھ دیا۔ پارٹی ترجمان دانش رضوان نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں، جن کے پیٹ میں جمعہ کو اسکول بند رہنے پر مروڑ ہوتا ہے۔

انہوں نے سوال کیاکہ آیا، بچوں کے ماں باپ نے کوئی شکایت کی؟ تعلیم متاثر نہیں ہورہی ہے۔ ان اسکولوں میں دیگر اسکولوں کی طرح ہفتہ میں 6 دن کلاسس چل رہی ہیں۔اگر جمعہ کو چھٹی سے مسئلہ ہے تو پھر جموں وکشمیر میں جمعہ کے دن اسکول کیوں بند رہتے ہیں؟۔ بی جے پی کے سخت گیر عناصر ماننے کو تیار نہیں۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور آرایس ایس کے نظریہ ساز راکیش سنہا نے ٹوئٹ کیاکہ اسکولوں میں جمعہ کی چھٹی کا دفاع کرنا غیر منطقی ہے۔

انہوں نے پوچھا کہ 99 فیصد مسلم آبادی والے ملک ترکی میں اتوار کو تعطیل کیوں ہوتی ہے جبکہ کشن گنج میں جمعہ کو چھٹی دی جارہی ہے۔ کشن گنج بہار کا واحد ضلع ہے جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے بموجب کشن گنج کے علاوہ متصل اضلاع ارڑیہ‘کٹیہار اور پورنیہ میں اردو اسکول بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی وزراء اس تنازعہ میں پڑنانہیں چاہتے کیونکہ اس سے ان کا چیف منسٹر سے ٹکراؤ ہوسکتا ہے۔ سوشلسٹ نتیش کمار نے بہار میں بی جے پی کے ساتھ سیاسی اتحاد کے باوجود نظریاتی فاصلہ برقرار رکھا ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر تارکشورپرساد سے جو کٹیہار کے رکن اسمبلی ہیں، اس بارے میں پوچھاگیاتو انہیں معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر تعلیمی ادارہ چاہے وہ مرکز کا ہو یا ریاست کا ہو‘تعطیل کے تعلق سے ہدایات لیتا ہے۔ کوئی بھی ادارہ اس کے خلاف نہیں جاتا۔ اگر کچھ غلط ہوا ہے تو محکمہ تعلیم اس کی اصلاح کردے گا۔

a3w
a3w