بی آرامبیڈکر سکریٹریٹ کی سیکوریٹی پر 500جوان مامور
تلنگانہ کے نئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ جس کا افتتاح اتوار کے روز عمل میں آیاہے‘کی سیکوریٹی پرتلنگانہ پولیس کے مختلف ونگس (شعبہ جات) کے تقریباً 500 جوان ماموررہیں گے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے نئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ جس کا افتتاح اتوار کے روز عمل میں آیاہے‘کی سیکوریٹی پرتلنگانہ پولیس کے مختلف ونگس (شعبہ جات) کے تقریباً 500 جوان ماموررہیں گے۔
ریاستی حکومت نے سکریٹریٹ کی سیکوریٹی کی ذمہ داری تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس فورس کوسوپنی تھی۔ ٹی ایس اسپیشل پولیس فورس کوانٹلی جنس سیکوریٹی ونگ‘ سٹی سیکوریٹی ونگ اور مقامی پولیس کی مدد وتعاون حاصل رہے گا۔
سیکوریٹی انتظامات کی مکمل نگرانی چیف سیکوریٹی آفیسر(سی ایس او) کے ذمہ رہے گی یہ عہدیدارٹی ایس ایس پی میں ایڈیشنل کمانڈنٹ کے رینک (رتبہ) کا حامل رہے گا۔ایک سینئرعہدیدار نے بتایا کہ کئی سطحی سیکوریٹی رہے گی۔سکریٹریٹ کے احاطہ کی سیکوریٹی میں تلنگانہ پولیس کے یونٹ مختلف رول ادا کریں گے۔
سٹی پولیس کوبیرون احاطہ کے بشمول گردونواح اورمین کامپلکس کی سیکوریٹی تک رسائی حاصل رہے گی۔اس عمارت میں بم ڈیڈکشن اینڈڈسپوزل اسکوارڈ‘ اینٹی سبوتاج ٹیم کے ساتھ اسنفرڈاگس دن کے 24گھنٹے دستیاب رہیں گے۔ سکریٹریٹ کے اطراف اورعمارت کے اندر ہر روز سٹی سیکوریٹی ونگ‘اینٹی سبوتاج کی تنقیح کرے گی۔
ان تنقیح کی نگرانی ٹی ایس ایس پی اور انٹلی جنس ونگ کریں گی۔بتایا جاتاہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس کے پاس سردست اسنفرڈاگس یا اینٹی سبوتاج ٹیمیں نہیں ہیں۔ اس سلسلہ میں جوانوں کوتربیت دی جائے گی اور ٹی ایس ایس پی اسنفرڈاگس خریدے گی اوران ڈاگس (کتوں)کو تربیت کے لئے انٹگریٹیڈ انٹلی جنس ٹریننگ اکیڈیمی معین آباد روانہ کیاجائے گا۔
نئے کامپلکس کے اندر اور باہر تقریباً 300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ سکریٹریٹ میں قائم کمانڈاینڈ کنٹرول سنٹر میں ایک ٹیم‘دن کے 24گھنٹے ان کیمروں کی مانیٹرنگ کرے گی۔
سکریٹریٹ کے اندر آکٹوپس کی مسلح ایک کیوک ریسپانس ٹیم ہمیشہ عصری ہتھیاروں کے ساتھ مورچہ سنبھالئے ہوئے رہے گی۔ حکومت کے ذرائع نے مزید بتایا کہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کے اطراف سیکوریٹی کے سخت انتظامات رہیں گے۔