سلیم فروٹ نے کھولے جرائم کی دنیا کے اہم راز
سلیم فروٹ کی تحویل کے لئے این آئی اے نے عدالت میں کئی اہم مواد پیش کئے جس کو لے کر سلیم فروٹ کی تفتیش ضروری تھی۔ اس لئے کورٹ نے اسے این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا تاکہ این آئی اے سلیم فروٹ سے مزید پوچھ گچھ کر سکے۔

ممبئی: حال ہی میں مافیا ڈان چھوٹا شکیل کے برادر نسبتی سلیم قریشی عرف سلیم فروٹ کو این آئی نے گرفتار کیا ہے۔ سلیم فروٹ کو کل این آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے 24 اگست تک این آئی اے کی حراست میں رکھنے کا حکم صادر کیا ہے۔
سلیم فروٹ کی تحویل کے لئے این آئی اے نے عدالت میں کئی اہم مواد پیش کئے جس کو لے کر سلیم فروٹ کی تفتیش ضروری تھی۔ اس لئے کورٹ نے اسے این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا تاکہ این آئی اے سلیم فروٹ سے مزید پوچھ گچھ کر سکے۔
این آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی دلیل میں سلیم فروٹ اور انٹرورلڈ کے مراسم پر کورٹ نے کوئی اعتراض نہیں جتایا لیکن اسی درمیان سلیم فروٹ پر جو سب سے اہم اور سنگین الزام این آئی اے نے عائد کیا وہ تھا کہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کا ادھورا کام پورا کرنے کے لئے اسے انڈرورلڈ اور اس سے وابستہ افراد نے منتخب کیا تھا۔
این آئی اے نے کورٹ کو یہ بھی بتایا کہ سلیم فروٹ لوگوں کو دھمکیاں دینے، ان سے وصولی کرنے، پراپرٹی ہڑپنے، گولڈ سمیت کئی قیمتی سامان کی ہندوستانی بازار میں دوسرے ممالک سے اسمگلنگ کرنے جیسے کام میں ملوث ہے۔
واضح رہے کہ سلیم فروٹ کا تعلق داؤد ابراہیم کے داہنے ہاتھ چھوٹا شکیل سے ہے۔ یہ تعلق نہ صرف انڈرورلڈ کی بدولت ہے بلکہ یہ تعلق گھریلو مراسم اور رشتے داریوں پر بھی مشتمل ہے۔
چھوٹا شکیل کا برادر نسبتی ہونے کے سبب سلیم فروٹ نے ممبئی میں اس رشتے کی بدولت نہ صرف اخباروں میں سرخیاں بٹوری بلکہ ممبئی میں بلڈر کاروباریوں کے سامنے بھی اپنی دھاک قائم کی تھی۔
سلیم فروٹ کے تعلقات کہاں کہاں ہیں، اس بات کو دیکھتے ہوئے این ائی اے نے سلیم فروٹ اور اس سے وابستہ 300 افراد کے کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) نکالے۔ نمبرات کی تفصیلات میں سلیم فروٹ سب سے اہم مانا جاتا ہے جس کے تعلقات انڈرورلڈ سے سیدھے سیدھے ہیں۔
اس معاملے میں این آئی اے کے پاس 19 خفیہ گواہان ہیں۔ سلیم فروٹ کے ذریعه ہونے والے ٹرانزیکشن کی کئی پیچیدگیاں ہیں جن میں ڈیجیٹل اور الیکٹرانک اور انٹرنیٹ کا بھرپور استعمال کیا گیا ہے تاکہ ایجنسیوں کو گمراہ کیا جاسکے۔ این آئی اے کے پاس پانچ ہزار صفحات کے ایسے دستاویزات بھی موجود ہیں جو سلیم فروٹ کے خلاف استعمال کئے جاسکتے ہیں۔