شہر حیدرآباد میں کووڈ شہیدوں کی یاد میں منفرد پارک کی نقاب کشائی
کووڈ وارئیرس کی پہل اور حکومت تلنگانہ کے اشتراک سے بنجارہ ہلز روڈ نمبر10 میں پنچاوتی کالونی میں ہریتا ہارم پارک کا قیام عمل میں لایاگیا۔
حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں اتوار کے روز کووڈ شہیدوں کی یادمیں ایک منفرد پاک کی نقاب کشائی عمل میں لائی گئی ہے۔ کووڈ وارئیرس کی پہل اور حکومت تلنگانہ کے اشتراک سے بنجارہ ہلز روڈ نمبر10 میں پنچاوتی کالونی میں ہریتا ہارم پارک کا قیام عمل میں لایاگیا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے اپنی جانیں گنواچکے کووڈ وارئیرس کے بیسوں رشتہ دار اور ان کے دوست احباب پارک پہنچے جہاں اُنہوں نے کووڈ مہلوکین کے نام سے پودے لگائے۔ چند افراد نے درختوں پر اپنے عزیز واقارب کی یاد میں پرچیاں باندھی۔ ان پرچیوں پر ”مس یو بابائی“، ”مس یو فرینڈ“، مس یو آل برادرس، سسٹرس جیسی تحریر تھیں۔
کووڈ وارئیرس کے ایک گروپ نے جی ایچ ایم سی کے تعاون اشتراک سے اس پارک کو فروغ دیا اور محکمہ جنگلات نے ان لوگوں کو خراج پیش کیا جنہوں نے کووڈ وباء کے دوران اپنی قیمتی جانیں گنوائی تھیں۔
اس منفرد پارک میں چہل قدمی کی راہداری اور بنچس بھی موجود ہیں۔ اس پارک کو جی ایچ ایم سی ایک سال تک مینٹینس کرے گا اس کے بعد والینٹرس اس پارک کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ ریاست میں سبزہ کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی جانب سے شروع ہریتا ہارم کے تحت آج شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔
اس موقع پر برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر انڈریو فلیمنگ، راجیہ سبھا رکن سنتوش کمار جو گرین انڈیا چیالنج پربانی ہیں کے علاوہ رکن اسمبلی ڈی ناگیندر موجود تھے۔ انڈریوفلیمنگ نے کہاکہ کووڈ مہلوکین کی یاد میں درخت لگانا میرے خیال میں ایک منفرد اور شاندار طریقہ ہے جس کو حکومت نے اڈاپٹ کیاہے اور یہ طریقہ کار اس وقت میں تلنگانہ کیلئے ممدو معاون ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کے کلین اینڈ گرین پروگرام سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ گذشتہ 5 برسں کے دوران ریاست کے مختلف مقامات پر سبزہ کو فروغ ملا ہے۔ پروگرام کے ایک کو آرڈینٹر چرن کے مطابق کووڈ مہلوکین کی یاد میں ایک پارک کے قیام کا آئیڈیا تلنگانہ کے چیف انوویشن آفیسر ڈاکٹر شانتا تھوتم، ناتشاہ رام رتنم اور سری کے ذہن کی اختراع ہے جبکہ حکومت نے مقام اور پودوں کے ذریعہ ان کی مدد کی۔
چرن نے شجرکاری مہم میں شریک تمام افراد سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ آج ایک جذباتی دن تھا۔ تمام افراد خوشی کے آنسوؤں کے ساتھ شجرکاری کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ ہم نے پہلے مرحلہ میں شجرکاری کی ہے، دوسرے مرحلہ کی تفصیلات بہت جلد جاری کی جائیں گی۔ چرن نے ٹویٹ کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ ملک کے دوسرے مقامات کے کووڈ وارئیرس نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔