ایشیاء

صدر پاکستان نے چیف جسٹس کے اختیارات کا بل واپس بھیج دیا

صدر پاکستان عارف علوی نے ہفتہ کے دن اُس بل کو دوبارہ غورکے لئے پارلیمنٹ کو واپس بھیج دیا جس کا مقصد چیف جسٹس کے اختیارات گھٹانا ہے۔

اسلام آباد: صدر پاکستان عارف علوی نے ہفتہ کے دن اُس بل کو دوبارہ غورکے لئے پارلیمنٹ کو واپس بھیج دیا جس کا مقصد چیف جسٹس کے اختیارات گھٹانا ہے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ مجوزہ قانون سازی لیجسلیٹیو ادارہ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ پاکستان میں عدلیہ اور حکومت کے درمیان ٹکراؤ جاری ہے۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سہ رکنی بنچ نے منگل کے دن پنجاب اسمبلی الیکشن 14 مئی کو کرانے کا حکم دیا تھا اور الیکشن کی تاریخ 10 اپریل سے بڑھاکر 8 اکتوبر کردینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو رد کردیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) کی زیرقیادت مخلوط حکومت نے سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کو ماننے سے انکار کردیا۔ حکومت‘ چیف جسٹس بندیال کے ازخود کارروائی کے اختیار کو بھی ختم کردینا چاہتی ہے۔

سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں گزشتہ ماہ منظور کرکے صدر پاکستان کو بھیجا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستان تحریک ِ انصاف(پی ٹی آئی) سے وابستہ رہ چکے صدر علوی نے بل کو واپس بھیج دیا۔ تفصیلی جواب میں جو ٹویٹر پر بھی پوسٹ کیا گیا‘ صدر علوی نے کہا کہ وہ موزوں اور مناسب سمجھتے ہیں کہ بل کو واپس بھیج دیا جائے۔