لوک سبھا میں فلم ”پٹھان“ کے گیت پر تنازعہ کی گونج
فلم ”پٹھان“ میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے گیت پر تنازعہ کی گونج پیر کے دن لوک سبھا میں سنائی دی۔

نئی دہلی: فلم ”پٹھان“ میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے گیت پر تنازعہ کی گونج پیر کے دن لوک سبھا میں سنائی دی۔
بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے فلم پر امتناع کا مطالبہ کرنے والوں پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ فلموں کو منظوری دینے کا کام سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن پر چھوڑدینا چاہئے۔
بی ایس پی قائد نے کہا کہ برسراقتدار بی جے پی سے جڑے کئی لوگ یہ دعویٰ کرتے ہوئے فلم پر امتناع کا مطالبہ کررہے ہیں کہ اس سے ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علماء بورڈ بھی ایسا ہی مطالبہ کررہا ہے۔ یہ نیا رجحان ہے کہ جو لوگ حکومت میں ہیں وہ فلم پر امتناع کا مطالبہ کررہے ہیں۔
فلموں کو ممنوع قراردینے کا کام سنسر بورڈ پر چھوڑدینا چاہئے۔ سناتن دھرم اتنا کمزور نہیں ہے کہ وہ کسی کے ایک رنگ(کا لباس) پہننے سے خطرہ میں پڑجائے۔
اسلام بھی اتنا کمزور نہیں ہے کہ اسے ایک فلم سے ٹھیس پہنچے۔ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان‘ گیت بے شرم رنگ میں دیپیکا پڈوکون کی زعفرانی رنگ کی بکنی پر نشانہ تنقید بنی ہوئی ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا اور وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ترجمان ونود بنسل بھی فلم پر امتناع کا مطالبہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔ گزشتہ ہفتہ لانچ گیت کو یو ٹیوب پر 81 ملین (8 کروڑ 10لاکھ) ویوز ملے ہیں۔