لیجنڈری برازیلین فٹبالر پیلے انتقال کرگئے

ساؤپالو: برازیل کے فٹ بال لیجنڈ پیلے کینسر کے ساتھ طویل جنگ کے بعد82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے ایجنٹ جو فراگا اور ان کے ارکان خاندان نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی۔

ان کی بیٹی کیلی نیسکیمینٹو نے انسٹاگرام پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ارکان خاندان کی ایک تصویر بھی پیش کی جس میں وہ ہاسپٹل میں پیلے کے ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں۔

پیلے مختلف عوراض بشمول تنفس کے عارضہ میں مبتلا تھے اور نومبر سے ہاسپٹل میں شریک تھے۔ وہ قلب اور گردہ کے عارضہ میں بھی مبتلا تھے۔ جاریہ ماہ کے آغاز میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھی کہ پیلے کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے اور ڈاکٹر بھی ان سے ناامید ہوگئے تھے۔

قبل ازیں ان کی دختر نے ان کے بارے میں بتایا تھا کہ ان کی حالت بہتر ہے اور کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔ دو ہفتہ قبل پیلے کو ایک مرتبہ پھر انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس سے تین دن پہلے انہیں بڑی آنت کے کینسر کے آپریشن کے بعد ہاسپٹل سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

لیجنڈری فٹبالر کے بارے میں ڈاکٹرس نے 22 دسمبر کو بتایا تھا کہ ان کی صحت بگڑ رہی ہے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ 82 سالہ پیلے نے 90 میچس میں برازیل کی نمائندگی کی تھی جس میں انہوں نے 77 گول بنائے تھے۔ وہ 1958، 1962 اور 1970 میں فیفا ورلڈکپ کی فاتح برازیلین ٹیم کا حصہ رہے تھے۔