’ماؤں کے رحم زرعی اراضی نہیں ہیں‘:چیف منسٹر آسام
مسلم خواتین سے خواہش کی کہ وہ اجمل جیسے لوگوں کے بیانات سے گمراہ نہ ہوں‘جوانہیں زیادہ بچے پیداکرنے کیلئے کہتے ہیں اوران سے کہاکہ وہ اپنے خاندانوں کو دو بچوں تک محدودرکھیں تاکہ انہیں اچھی تعلیم فراہم کی جاسکے۔
گوہاٹی: اے آئی یوڈی ایف کے سربراہ مولانا بدرالدین اجمل کی جانب سے تین دن پہلے خواتین اور ہندوبرادری کے بارے میں متنازعہ تبصرہ کئے جانے کے بعد چیف منسٹر آسام ہیمنت بسواسرمانے آج انہیں جواب دیتے ہوئے کہاکہ کسی ماں کے رحم کو”زرعی اراضی“ تصورنہیں کیاجاسکتا۔
انہوں نے مسلم خواتین سے خواہش کی کہ وہ اجمل جیسے لوگوں کے بیانات سے گمراہ نہ ہوں‘جوانہیں زیادہ بچے پیداکرنے کیلئے کہتے ہیں اوران سے کہاکہ وہ اپنے خاندانوں کو دو بچوں تک محدودرکھیں تاکہ انہیں اچھی تعلیم فراہم کی جاسکے۔
بونگائی گاؤں میں ایک جلسہ عام میں کئے گئے اجمل کے تبصرہ کاجواب دیتے ہوئے سرمانے کہاکہ عوام خاص طورپر مسلم خواتین کوان لوگوں کی باتوں میں نہیں آناچاہئے جنہیں ووٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسلم خواتین کاحوالہ دیتے ہوئے کہا’مجھے آپ کے ووٹوں کی ضرورت نہیں لیکن اجمل کی بات نہ سنیں۔
دوسے زیادہ بچے نہ پیداکریں تاکہ آپ انہیں سرکردہ کھلاڑی، ڈاکٹر اورانجینئر بناسکیں‘۔یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگاکہ اے آئی یوڈی ایف کے صدر بدرالدین اجمل نے جمعہ کے روزایک میڈیاادارہ کوانٹرویودیتے ہوئے عورتوں اورہندومردوں کے بارے میں تبصرہ کیاتھا اورلوجہادکے بارے میں چیف منسٹرکے ریمارکس کاجواب دیاتھا۔
ا نہوں نے ہندوؤں کومشورہ دیاتھاکہ وہ کم عمرمیں شادی کریں تاکہ مسلمانوں کی طرح زیادہ بچے پیداکرسکیں۔ ان کے تبصرہ کی مذمت کی گئی تھی اورریاست بھرمیں پولیس میں شکایتیں درج کرائی گئی تھیں۔
اس کے دوسرے دن رکن پارلیمنٹ نے معافی مانگ لی تھی اورکہاتھاکہ اس تنازعہ پرانہیں شرمندگی ہے تاہم یہ بھی کہاتھاکہ ان کے تبصرہ کوتوڑ مروڑ کر پیش کیاگیاتھا اورانہوں نے کسی مخصوص برادری کونشانہ بناکر یہ بات نہیں کہی تھی۔
سرمانے ایک پروگرام کے افتتاح کے موقع پرکہاکہ اجمل جیسے لوگ سمجھتے ہیں کہ زیریں آسام کے بونگائی گاؤں اوردھوبری جیسے علاقوں تک تعلیم اورترقی نہیں پہونچے گی اسی لئے وہ ان علاقوں کی خواتین کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ”بچے پیداکرنے والی فیاکٹریاں ہیں“۔ اجمل نے کہاتھاکہ زرخیز زمین پر بیج بوئے جانے چاہئیں میں ان سے پوچھتاہوں کہ کیاہماری ماؤں کے رحم زرعی اراضی ہیں۔