شمالی بھارت

گجرات کے ایک گاؤں میں رائے دہی کابائیکاٹ

گجرات کے ضلع کھیڈاکے موضع انڈھیلا میں آج مسلمانوں نے گجرات اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ یہ وہی گاؤں ہے جہاں اکتوبر میں پولیس کومسلم مردوں کو ایک کھمبے سے باندھ کر کوڑے لگاتے دیکھاگیاتھا۔

کھیڈا(گجرات): گجرات کے ضلع کھیڈاکے موضع انڈھیلا میں آج مسلمانوں نے گجرات اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ یہ وہی گاؤں ہے جہاں اکتوبر میں پولیس کومسلم مردوں کو ایک کھمبے سے باندھ کر کوڑے لگاتے دیکھاگیاتھا۔

ان پر الزام تھاکہ انہوں نے نوراتری گربہ تقریب پر سنگباری کی تھی۔ ووٹنگ ختم ہونے سے آدھا گھنٹہ قبل تک بھی اس گاؤں کا ہر مسلمان ووٹنگ کابائیکاٹ کررہاتھا۔

ضلع کھیڈامیں پولیس نے چند مسلم نوجوانوں کوگرفتارکیاتھا اور انہیں کھمبے سے باندھ کرلاٹھیوں سے پٹائی کی تھی۔ سادہ لباس میں ملبوس پولیس ملازمین کی جانب سے مارپیٹ کرنے پرہجوم کوخوشی سے نعرے لگاتے دیکھاگیا۔

متاثرہ نوجوانوں کوعوام سے معافی مانگنے کیلئے کہاگیاتھا۔ اس موقع پرعلاقہ کاانچارج پولیس انسپکٹر بھی موجودتھا۔ پٹائی کے واقعہ کے بعدایک انکوائری کمیٹی بٹھائی گئی تھی لیکن ابھی تک کوئی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔

اس واقعہ پر برہمی پھیل گئی تھی اورکئی افراد نے پولیس کی جانب سے قانون کوہاتھ میں لینے پر سوال اٹھایاتھا۔ جبکہ دیگرنے اس مسئلہ کوفوری طورپر حل کرنے کی ستائش کی تھی۔