مہاوکاس اگھاڑی بے حد مضبوط : سنجے راوت
شیوسینا (یو بی ٹی) قائد سنجے راوت نے پیر کے دن زور دے کر کہا کہ سہ جماعتی مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) بے حد طاقتور ہے اور انہوں نے این سی پی سربراہ شردپوار کا ایسا کوئی بیان نہیں دیکھا کہ یہ اتحاد ٹوٹ جائے گا۔
ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) قائد سنجے راوت نے پیر کے دن زور دے کر کہا کہ سہ جماعتی مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) بے حد طاقتور ہے اور انہوں نے این سی پی سربراہ شردپوار کا ایسا کوئی بیان نہیں دیکھا کہ یہ اتحاد ٹوٹ جائے گا۔
سنجے راوت نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی طاقتور اپوزیشن جماعتوں جیسے شیوسینا‘ این سی پی‘ کانگریس اور ترنمول کانگریس کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے۔
ممبئی میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایم وی اے پلس کے تعلق سے شردپوار کے بیان کو میڈیا میں توڑمروڑ کر پیش کیا گیا۔
شیوسینا(یو بی ٹی)‘ این سی پی اور کانگریس پر مشتمل ایم وی اے بے حد طاقتور ہے اور ریاست بھر میں ریالیاں نکالنے میں مصروف ہے۔ یکم مئی کو ممبئی میں بہت بڑی ریالی نکالی جائے گا جس میں مہاوکاس اگھاڑی کے تمام سینئر قائدین یکجا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شردپوار نے ایم وی اے بنانے میں بڑا رول ادا کیا۔ سنجے راوت نے کہا کہ پوار صاحب کی رائے ہے کہ اگر ہم متحد رہیں تو 2024 میں بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے اور ہم لوک سبھا کی زیادہ نشستیں جیت سکتے ہیں۔ایم وی اے متحدہ الیکشن لڑے گی۔ بی جے پی کو واشنگ مشینوں کا بزنس روک دینا چاہئے۔
سنجے راوت نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کو ہٹانے پس پردہ سرگرمیاں جاری ہیں کیونکہ وہ بی جے پی کے ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
ایک دن قبل سنجے راوت نے دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی۔ شنڈے حکومت آئندہ 15-20 دنوں میں گرجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جون 2022 میں ہماری حکومت گرانے شنڈے کو استعمال کیا گیا تھا لیکن بحیثیت چیف منسٹر شنڈے مہاراشٹرا میں بی جے پی کو مستحکم کرنے میں ناکام رہے۔ یہ حکومت جب سے بنی ہے بی جے پی اور شنڈے گروپ کا گراف نیچے جارہا ہے۔