مشرق وسطیٰ

اسرائیل کے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر فضائی حملے

اسرائیلی ایرفورس نے کہا کہ اس نے غزہ پٹی میں گذشتہ رات اسلامی مومنٹ حماس کے ٹھکانوں پرفضائی حملے کئے کیوکہ فلسطینی علاقہ غزہ پٹی سے اسرائیلی علاقہ کی سمت ایک راکٹ فائرکیاگیا۔

غزہ سٹی: اسرائیلی ایرفورس نے کہا کہ اس نے غزہ پٹی میں گذشتہ رات اسلامی مومنٹ حماس کے ٹھکانوں پرفضائی حملے کئے کیوکہ فلسطینی علاقہ غزہ پٹی سے اسرائیلی علاقہ کی سمت ایک راکٹ فائرکیاگیا۔

اسرائیلی فوج نے ہفتہ کی شام اطلاع دی تھی کہ غزہ پٹی سے ایک راکٹ اسرائیل کی سمت داغاگیا۔ یہ فائرڈ کیاگیا ایک ماہ میں پہلا راکٹ ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت سامنے آیا جب غزہ کے بڑے مسلح گروپ اسلامی جہاد نے اسرائیلی فوج کی جانب سے جنین کے مغربی کنارہ میں جمعرات کے دن اس کے دو قائدین کی ہلاکت کے بعد جوابی کاروائی کرنے کی دھمکی دی۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ آئی ڈی ایف کے لڑاکو طیاروں نے گذشتہ رات(اتوار) کو حماس تنظیم کے ہتھیار تیارکرنے کے مقام کو نشانہ بنایا۔ اس مقام کو نشانہ بنایاگیا جہاں غزہ پٹی میں حماس کے لئے زیادہ تعداد میں راکٹس تیارکئے جاتے ہیں۔

اسرائیلی دفاعی دستوں نے جنوبی غزہ پٹی میں حماس کی ایک سرنگ پر بھی حملہ کیا۔ فوج نے کہا کہ اس نے غزہ پٹی سے اسرائیلی جنگی طیاروں کی سمت فائرنگ کے جواب میں حماس کی ملٹری چوکی کو بھی نشانہ بنایاتھا۔ حماس کی مسلح ونگ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پٹی پرفضائی حملوں کے دوران اینٹی ایرکرافٹ میزائلس کا استعمال کیا گیا۔

غزہ میں سیکیوریٹی دستوں نے غزہ پٹی کے مغرب میں خان یونس میں ملٹری ٹریننگ مقام اور دوسرا رفح کے قریب‘دو حملوں کی اطلاع دی ہے۔ فلسطین کے طبی ذرائع کے بموجب حملوں سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ صیہونی دشمن کل عمر مفلیح کو گولی مارکر ہلاک کرنے کے جرم کے بعد غزہ پٹی پروحشیانہ بمباری کرتے ہوئے ہماری عوام کے خلاف جارحیت میں اضافہ کررہا ہے۔

مقبوضہ مغربی کنارہ میں خونریزی میں اضافہ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے خلاف مہلک طاقت کے استعمال پربین الاقوامی سطح پر تنقیدیں شروع ہوگئی ہیں۔ یہ تنقید جمعہ کے دن نابلس کے جنوب میں 22 سالہ عمربادی مفلیح کی ہلاکت پر کی گئیں۔

جاریہ سال اسرائیلی اور مغربی کنارہ بشمول ملحقہ مشرقی یروشلم میں تشدد میں کم ازکم 145 فلسطینی اور 26اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔ یہ تعداد2015کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب اسرائیل نے ہفتے کی شام غزہ سے چند راکٹ فائر کیے جانے کے جواب میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی دھڑوں سے تعلق رکھنے والے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔

فلسطینیوں کی طرف سے داغے گئے راکٹوں میں سے بعض غزہ کے اطراف میں کھلے علاقے میں گرے۔العربیہ اور الحدث ٹی وی کے نامہ نگاروں نے اطلاع دی ہے کہ ایک راکٹ نہال عوز بستی کے قریب گرا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری طرف اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی کہ "شمالی غزہ کی پٹی کے کھلے علاقوں میں وارننگ دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ "کوئی انٹرسیپٹر میزائل لانچ نہیں کیا گیا۔ فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ راکٹ حملوں کے بعد شمالی غزہ میں معمولات زندگی متاثر نہیں ہوئے۔درایں اثنا اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی اسرائیل میں نہال عوز بستی کے قریب سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔