بھارت

انڈونیشیا میں مودی اور جو بائیڈن کی ملاقات

وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کے دن ہند۔ امریکہ فوجی شراکت داری کا جائزہ لیا۔

بالی: وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کے دن ہند۔ امریکہ فوجی شراکت داری کا جائزہ لیا۔

دونوں قائدین نے عالمی اور علاقائی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ان کی یہ ملاقات انڈونیشیا کے شہر بالی میں جی20 چوٹی کانفرنس کے حاشیہ پر ہوئی۔ وزارت ِ خارجہ نے یہ بات بتائی۔

سمجھا جاتا ہے کہ یوکرین جنگ اور اس کے مضمرات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزارت ِ خارجہ نے کہا کہ دونوں قائدین نے کواڈ اور I2U2 جیسے نئے گروپس میں ہندوستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتے تعاون پر اظہارِ اطمینان کیا۔

دونوں قائدین نے عالمی اور علاقائی واقعات پر بھی گفتگو کی۔ کواڈ ہندوستان‘ امریکہ‘ آسٹریلیا اور جاپان پر مشتمل ہے جبکہ I2U2 کے ارکان میں امریکہ‘ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل شامل ہیں۔

وزیراعظم نے انڈونیشیائی صدر جوکو ویڈیڈو کی دعوت پر چوٹی کانفرنس میں شرکت کی۔ انڈونیشیا‘ جی20 کا موجودہ صدر ہے۔ وزیراعظم نے یوکرین جنگ کا مسئلہ حل کرنے لڑائی بندی اور سفارت کاری کے راستہ پر واپسی پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کووِڈ 19 وباء‘ یوکرین کے حالات اور دیگر عالمی مسائل نے دنیا میں تباہی مچادی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی توانائی سلامتی عالمی ترقی کے لئے بھی اہم ہے کیونکہ ہندوستان دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت ہے۔