دہلی

دہلی یونیورسٹی کے مغل گارڈنس کانام بھی تبدیل

نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس میں واقع مغل گارڈن کابھی نام تبدیل کردیاگیاہے اور اسے”گوتم بدھ سینٹینری گارڈن“ سے موسوم کیاگیاہے۔

یونیورسٹی نے 27جنوری کو نام تبدیل کیا جس کی وجہ یہ بتائی کہ اس گارڈن میں کوئی مغل ڈیزائن نہیں تھا۔ واضح رہے کہ راشٹرپتی بھون نے بھی ہفتہ کے روزاپنے مشہوراورتاریخی مغل گارڈنس کانام تبدیل کرتے ہوئے امرت ادیان رکھ دیا ہے۔

یونیورسٹی کے ایک عہدیدارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ تقریباً ایک ہی وقت میں ناموں کی تبدیلی محض ایک اتفاق ہے اوریونیورسٹی نے اپنی گارڈن کمیٹی کے ساتھ طویل مباحث کے بعد یہ فیصلہ لیاہے۔

رجسٹرار وکاس گپتانے اپنے اعلامیہ مورخہ 27 جنوری میں بتایاکہ یونیورسٹی آف دہلی کی مجاز اتھاریٹی نے(وائس ریگل لاج کے روبرو) واقع گارڈن کانام گوتم بدھ سینٹینری گارڈن رکھنے کی منظوری دی ہے جس کے بیچ میں گوتم بدھ کا مجسمہ ہے۔ گوتم بدھ کا مجسمہ تقریباً 15 سال سے گارڈن کے درمیان نصب ہے۔

عہدیدار نے بتایاکہ اس گارڈن کونہ تومغلوں نے تعمیرکیاتھا اورنہ اس میں مغل گارڈن کا ڈیزائن ہے۔ فارسی تعمیراتی ڈیزائن پر مبنی کسی بھی مغل گارڈن میں نہریں اور تالاب ہوتے ہیں۔ فوارے اورواٹرفالس بھی ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ پانی بہنے کے راستے کنکریٹ یا نیلے رنگ کے ٹائلس سے بنائے جاتے ہیں۔

عہدیدارنے بتایاکہ کئی ماہرین نے اس بات کی نشاندہی کی تھی۔ نام تبدیل کئے جانے کے بارے میں دریافت کئے جانے پر عہدیدارنے بتایاکہ یونیورسٹی مارچ میں ایک فلاورشومنعقدکرے گی۔اسی لئے انہوں نے پارک کانام تبدیل کرنے کافیصلہ کیاہے۔